ننکانہ صاحب(نامہ نگار) پری مون سون اورممکنہ سیلاب کے پیش نظر متعلقہ ادارے فیلڈمیں متحرک رہیں،نشیبی علاقوں میں زیادہ توجہ دی جائے ، ڈسپوزل سٹیشنزاور مشینری کو بروقت فعال رکھا جائے، محکمہ صحت اور لائیوسٹاک کے پاس ادویات کا وافر سٹاک موجود ہونا چاہیے تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال میں لوگوں کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ان خیالا ت کا اظہارایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو جنت حسین نیکوکارا نے پری مون سون اور ممکنہ سیلاب کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے پیشگی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹرلوکل گورنمنٹ شہزاد اکرم ،ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرو سیکرٹری ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی محمد اکرم پنوار،ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر محمد مسعود بھٹی ،سی ای او ایجوکیشن محمد ارشاد، ڈی ایچ او ڈاکٹر کامران واجد، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر خورشیدعالم سمیت دیگر متعلقہ محکمہ جات کے افسروں نے شرکت کی ۔