کراچی ( کامرس رپورٹر)ماسٹر کارڈ اکنامک انسٹی ٹیوٹ کی نئی تحقیق کے مطابق عالمی تفریحی اور کاروباری پروازوں کی بکنگ نے ہنگامہ خیز دو سالوں کے بعد وبائی مرض سے پہلے کی سطح کو پیچھے چھوڑ دیا ہے،جبکہ کروز لائنوں،بسوں اور ٹرینوں پر خرچ میں اس سال بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔ایک نئی رپورٹ ’’ٹریول 2022،رجحانات اور تبدیلیوں‘‘میں ویکسینیشن کے بعد اور وبائی دور کے کم پابندیوں والے باب میں سفر کے عالمی حالات سے متعلق 37مارکیٹوں کی اہم معلومات فراہم کی گئی ہیں۔ماسٹر کارڈ اکنامک انسٹی ٹیوٹ کے تجزیہ کے مطابق اگر فلائٹ بکنگ کا موجودہ رجحان برقرار رہتا ہے تو 2022میں مشرق وسطیٰ، مشرقی یورپ اور افریقہ میں ایک اندازہ کے مطابق 115ملین مزید مسافر اڑان بھریں گے۔رپورٹ کے مطابق اپریل کے آخر تک عالمی تفریحی پروازوں کی بکنگ 2019کی سطح سے 25فیصد بڑھ گئی ہے،اور مختصر و درمیانے فاصلہ کی تفریحی پروازوں کی بکنگ میں بالترتیب 25اور27فیصد کا اضافہ ہوا۔ جنوری سے اپریل کے آخر تک کروز پر عالمی اخراجات میں 62فیصد پوائنٹس کا اضافہ ہوا،حالانکہ یہ 2019کی سطح سے نیچے ہے،بسوں میں بکنگ وبائی مرض سے پہلے کی سطح پر واپس آگئی ہیں،جبکہ مسافر ریل کے اخراجات7فیصد سے کم ہیں،دریں اثناء گاڑیوں پر ٹولز اور آٹو رینٹل اخراجات بالترتیب19اور12فیصد سے بڑھ گئے ہیں۔مشرقی یورپ،مشرق وسطیٰ اور افریقہ کے صارفین میں مسافر ریلوے پر خرچ جنوری 2021سے باقی دنیا سے بہتر ہے اور اس خطہ میں 2019کی اسی مدت کے مقابلہ میں مستقل اخراجات میں اضافہ ہوا ہے،آٹو رینٹل اور سیاحت کے اخراجات جنوری2022سے زیادہ پائیدار بنیادوں پر2019کی سطح سے بڑھتے ہوئے بتدریج بحالی کی جانب گامزن ہیں۔رپورٹ کے مطابق سیاحوں نے منزل پر پہنچنے پر تحائف کے بجائے تجربات پر زیادہ خرچ کیا اور اب تجرباتی اخراجات 2019کی سطح سے 34فیصد زائد ہیں،اخراجات میں سب سے زیادہ اضافہ فوڈ اینڈ بیوریجز72فیصد اور تفریحی پارکس،میوزیم،کنسرٹ اور دیگر تفریحی سرگرمیاں 35فیصد رہیں،یوکے میں 2022میں ماہانہ اخراجات میں اضافہ 2019کی سطح کے مقابلہ میں دو گنا سے بھی زائد ہے اور اپریل میں یہ اضافہ140فیصد کی سطح پر رہا۔