اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی) پاکستان سائنس فاؤنڈیشن اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے تعاون سے فارماسیوٹیکل انڈسٹری کے ریسرچ منصوبوں کو فنڈز فراہم کرنے کے لیے تیار ہے تا کہ اس کے اہم مسائل جلد حل ہوں اور یہ صنعت بہتر ترقی کر سکے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان سائنس فاؤنڈیشن کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر شاہد محمود بیگ نے آئی سی سی آئی میں مقامی فارماسیوٹیکل انڈسٹریز کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت اکیڈمیا اور انڈسٹریز کے درمیان روابط کا فقدان ہے اور مقامی فارما انڈسٹری کے نمائندوں کے ساتھ ان کے ادارے کا مشاورتی اجلاس اکیڈمیا اور انڈسٹری روابط کو مضبوط بنانے کی کوششوں کو آگے بڑھانے کی ایک کڑی ہے۔پروفیسر ڈاکٹر شاہد محمود بیگ نے کہا کہ فارما انڈسٹریز کو چاہیے کہ وہ اپنے تحقیقی پراجیکٹس چیمبر کے ذریعے پاکستان سائنس فاؤنڈیشن کو فنڈنگ کے لیے بھیجیں جن پر میرٹ پر غور کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیاں اچھے تحقیقی کام کر رہی ہیں اور فارما انڈسٹریز پاکستان سائنس فاؤنڈیشن کو اپنے مسائل تحریری طور پر بھیجیں انہوں نے کہا کہ پاکستان سائنس فاؤنڈیشن فارما انڈسٹری کے ساتھ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی بنیاد پر ریسرچ منصوبوں پر کام کرنے کے لیے بھی تیار ہے تاکہ تحقیقی کام کو فروغ دے کر اس شعبے کے اہم مسائل حل کئے جائیں۔
فارماسیوٹیکل انڈسٹری کو ریسرچ منصوبوں کیلئے فنڈز فراہم کر ینگے، ڈاکٹر شاہد
Jun 19, 2022