پیر مظہر دور میں بھرتیاں‘ تنخواہوں سے  محروم اساتذہ کی اسکروٹنی کیلئے پھر کمیٹی تشکیل

Jun 19, 2022


کراچی (نیوز رپورٹر) محکمہ اسکول ایجوکیشن نے سابق وزیر تعلیم پیر مظہر الحق کے دور میں سال2012ء کے دوران بھرتیوں کے بعد تنخواہوں سے محروم اساتذہ کی اسکروٹنی کیلئے ایک بار پھر کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔ سیکریٹری اسکو ل ایجوکیشن غلا م اکبر لغاری کمیٹی کے چیئر پرسن ہو ں جبکہ 4رکنی کمیٹی کے ممبران میں ڈائریکٹر جنرل ہیومن ریسورسز اینڈ ٹریننگ ضمیر کھوسو، ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن ایلیمنٹری، سکینڈری اور ہائر سکینڈری شاہد زمان، ڈپٹی ڈائریکٹر ایچ آر اینڈ ٹی اور ڈپٹی سیکریٹری لاء اسکول ایجوکیشن شامل ہیں۔ مذکورہ کمیٹی سال 2012ء میں کراچی ریجن میں بھرتیوں کے بعد تنخواہیں نہ ملنے پر سپریم کورٹ سے رجوع کرنے والے ادر کیڈر اساتذہ کی اسکروٹنی کرے گی اورنہیں ذاتی حیثیت میں طلب کر کے تعلیمی دستاویزات کی جانچ پڑتال بھی کرے گی۔ مذکورہ کمیٹی 3 ہفتے میں رپورٹ پیش کرنے کی پابند ہو گی۔ واضح رہے کہ گذشتہ دنوں سپریم کورٹ میں سماعت کے دوران سیکریٹری اسکول ایجوکیشن کی جانب سے اسکروٹنی رپورٹ جمع نہ کرانے پر عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کیا تھا اور سیکریٹری اسکول ایجوکیشن کو2ماہ میں پٹیشنرز کیلئے جاری کئے گے عدالتی احکامات پرعمل کر کے اسکی رپورٹ ذاتی حیثیت میں جمع کرانے کا حکم دیا تھا ۔ 

مزیدخبریں