کراچی (نیوز رپورٹر)وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو کو 16 جون کو کورنگی کے حلقہ این اے 240 میں ضمنی انتخاب کے دوران ہونے والے فائرنگ کے واقعے کی انکوائری کرنے اور ملوث ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت کی ہے۔یہ بات انہوں نے ہفتہ کی شام وزیراعلی ہاؤس میں ایڈیشنل آئی جی کراچی سے ملاقات کے دوران کہی۔ وزیراعلی نے ایڈیشنل آئی جی کراچی سے ملاقات کے دوران فائرنگ کے واقعے کی تفصیلات حاصل کیں اور قیمتی جانیں ضائع ہونے اور ضمنی الیکشن کے دوران امن و امان کی صورتحال پیداکرنے پر انہیں واقعے کی مکمل انکوائری کرنے کی ہدایت کی۔ انکوائری میںاقعے میں ملوث مجرموں کو ان کے حامیوں کے ساتھ شناخت کیا جانا چاہیے تاکہ ان کے خلاف سخت کارروائی کی جا سکے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ اس شہر میں بہت قربانیوں کے بعد امن بحال ہوا ہے اور کسی کو بھی امن تباہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہر سیاسی جماعت کو امن و سکون کے ساتھ سیاسی عمل میں حصہ لینے کا حق ہے لیکن وہ شہر میں نفرت، قتل و غارت اور تشدد کی سیاست کو ہرگز اجازت نہیں دیں گے۔ وزیراعلی سندھ نے ایڈیشنل آئی جی کراچی کو ہدایت کی کہ وہ اپنے تمام ایس ایس پیز کو انٹیلی جنس بیسڈ ٹارگٹڈ آپریشن کے سلسلے میں اپنے اپنے علاقوں میں متحرک ہونے کیلئے متحرک کریں اور منشیات مافیا کے خلاف کارروائی کریں۔ انہوں نے انٹیلی جنس کے کام کو مزید مضبوط بنانے کی ہدایت بھی کی تاکہ 24 جولائی کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کیلئے شہر میں امن کو یقینی بنایا جا سکے۔
کراچی کا امن تباہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ، وزیراعلٰی سندھ
Jun 19, 2022