کراچی (نیوز رپورٹر)وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے ٹوئٹر پر جاری ایک پیغام میں کہا ہے کہ فیٹف کامیابی میں سب کا کردار ہے، ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پی ٹی آئی والے فیٹف پر کریڈٹ لیتے ہیں مہنگائی کا نہیں۔یہ جہاد کی باتیں کرتے تھے، انکا جہاد حصول اقتدار ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے جتنے بلدیاتی نمائندے جیت چکے اتنے مخالفین نے کھڑے نہیں کیے، ہمارے بہت سے بلدیاتی نمائندے بلامقابلہ منتخب ہوچکے، مخالف امیدواروں کو اغوا کرنے کے الزامات بے بنیاد ہیں۔ناصر حسین شاہ نے کہا کہ لوگوں نے انکو پہچان لیا ہے، یہ حکومت میں تھے تو سب ٹھیک تھا، پہلے اداروں کی تعریفیں کرتے تھے اب انکو برے لگ رہے ہیں، پانی چوری کے خلاف آپریشن میں بہت کامیابی ہوئی۔دریں اثناء وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ آج کراچی میں قبضہ شدہ اور کاروباری سرگرمیوں کے مرکز بنے پارکس اور میدان وا گزار کروا کر خوبصورت پارکوں ومیدانوں میں تبدیل ہو رہے ہیں۔ وہ ضلع شرقی میں پارکس، گراؤنڈز کی تعمیر نو کے بعد افتتاح کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کارساز میں ڈی ایم سی ایسٹ کرکٹ گراؤنڈ،حسین ہزارہ گوٹھ میں قائدعوام فٹبال گراؤنڈ اور بختاور بھٹو فیملی پارک وفٹسال گراؤنڈ کا افتتاح کیا۔ ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی رحمت اللہ شیخ،نمائندہ خصوصی وزیر اعلی سندھ اقبال ساند ودیگر انکے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر انہوں نے میڈیا نمائندگان سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ چئیرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر میں ترقیاتی کام سر انجام دئیے جارہے ہیں،ڈی ایم سی ایسٹ نے نمایاں ترقیاتی سر انجام دئیے جس پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی رحمت اللہ شیخ مبارکباد کے مستحق ہیں، کراچی سمیت سندھ بھر میں ہونے والے ترقیاتی منصوبے حکومت سندھ کی کارکردگی کا عملی ثبوت ہیں تنقید کرنے والے دیکھ سکتے ہیں کہ کراچی میں انفرسٹرکچر کی بحالی پر تیزی سے کام ہو رہا ہے سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ واٹر بورڈ کی صورتحال بہتر بنانے کے ساتھ غیر قانونی تعمیرات کیخلاف کاروائیاں عمل میں لائی جارہی ہیں، مہنگائی پر تنقید کرنے والے اپنے گریبان میں جھانکیں اگر وہ آئی ایم ایف سے معاہدے نہ کرتے تو آج یہ دن نہ دیکھنے پڑتے، ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی رحمت اللہ شیخ نے اس موقع پر کہا کہ ضلع شرقی میں بہترین پارکس اور گراؤنڈز تعمیر ہو رہے ہیں جس کے ذریعے عوام بھرپور طریقے سے مستفید ہو رہے ہیں، ضلع شرقی میں ترقیاتی کاموں کا عمل ہر علاقے تک پہنچایا گیا ہے آئندہ بھی بلا امتیاز خدمت کا سفر جاری رکھا جائے گا.اس موقع پر سپریٹنڈنگ انجنئیر سلمان میمن،ایگزیکٹیو انجنئیر ایم اینڈای، امتیاز بھٹو، ایڈیشنل ڈائریکٹر توقیر عباس، ڈائریکٹر پارکس آغا سمیر،ظفر اقبال اسسٹنٹ ایگزیکٹیو انجنئیرز راشد فیاض، محمد ہارون پیپلز پارٹی کے رہنما طالب بلوچ ودیگر ان کے ہمراہ موجود تھے۔
کراچی سمیت سندھ بھر میں ترقیاتی کام حکومتی کارکردگی کا عملی ثبوت : وزیر بلدیات سندھ
Jun 19, 2022