ایک ہفتے میں 36اشیاء کے نرخوں میں اضافہ جولائی تا مئی درآمدی بل دوگنا ۔ ادارہ شماریات

Jun 19, 2022

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) ادارہ شماریات کے مطابق ملک میں ایک ہفتے کے دوران 36  اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا زندہ مرغی کی قیمت میں 33 روپے فی کلو اضافہ اور گھی 26 روپے فی کلو مہنگا ہوا، چنے اور مسور کی دالیں دس روپے کلو مہنگی ہو گئیں۔ بجلی، پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بڑھ گئیں پیاز کی قیمت میں چار روپے فی کلو کمی ہوئی آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 26 روپے کم ہو گئی ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 32 روپے سستا ہو گیا۔ عالمی منڈی میں پیٹرول مہنگا ہونے سے درآمدی بل میں اضافہ  ہوا اور پاکستان کا 11 ماہ میں پیٹرول کا درآمدی بل دْگنا ہو گیا۔ رواں مالی سال جولائی سے مئی تک گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں پٹرولیم گروپ کا درآمدی بل 9 ارب 88 کروڑ ڈالر سے بڑھ کر 19 ارب 68 کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔ ادارہ شماریات کے مطابق رواں مالی سال جولائی سے مئی تک فنشڈ finished پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدات 10 ارب 2 کروڑ ڈالر رہیں جو گزشتہ مالی سال جولائی تا مئی 4 ارب 43کروڑ ڈالر تھیں۔ 11ماہ میں خام تیل کی درآمدات 4 ارب 75 کروڑ ڈالر ہوئیں جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے میں خام تیل کی درآمدات 2 ارب 72 کروڑ ڈالر تھیں۔ رواں مالی سال جولائی تا مئی درآمدی ایل این جی کا بل 4 ارب 28کروڑ ڈالر رہا جو گزشتہ سال جولائی تا مئی 2 ارب 30کروڑ ڈالر تھا، رواں سال 11 ماہ میں 60کروڑ  68 لاکھ ڈالر کی ایل پی جی درآمد کی گئی۔
ادارہ شماریات 

مزیدخبریں