کراچی، مختلف علاقوں میں ہلکی بارش ،گرمی کم، موسم خوشگوارہوگیا

کراچی (نیوز رپورٹر) کراچی کے مختلف علاقوں میں ہفتہ کی علی الصبح بارش نے جہاں گرمی کی شدت کو کم کر ڈالا وہیں موسم بھی خوشگوارہوگیا۔صدر، آئی آئی چندریگر روڈ، اولڈ سٹی ایریا، بہادرآباد، پی ای سی ایچ ایس، شارع فیصل، محمد علی سوسائٹی سمیت دیگر علاقوں میں ہلکی بارش کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں 3 روز کے دوران وقفے وقفے سے ہلکی بارش یا بوندا باندی ہوسکتی ہے۔ہلکی بارش سے سڑکوں پر پھسلن کے باعث متعدد موٹر سائیکل سوار سلپ ہوگئے۔ ٹریفک پولیس کی جانب سے شہریوں سے احتیاط سے ڈرائیونگ کی ہدایت کی گئی ہے۔یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے رواں سال بارشوں کے سیزن میں غیر متوقع اور معمول سے زیادہ بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے، تاہم گزشتہ کئی سالوں کی طرح اس سال بھی شہر قائد میں نالوں کی صفائی کا عمل تاحال مکمل نہ ہوسکا، جس کے بعد شہر میں موسلادھار بارش کے نتیجے میں دوبارہ اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔میٹ آفس کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر میں پری مون سون بارشیں معمول سے زیادہ ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ کراچی میں جولائی کی ابتدا میں مون سون کی بارشوں ہونے کا امکان ہے۔ پری مون سون کے دوران کراچی سمیت سندھ بھر میں معمول سے زیادہ بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے، سندھ میں پری مون سون بارشوں کا اسپیل22جون تک چلے گا۔ چیف میٹرو لوجسٹ سردار سرفراز  کے مطابق 29 اور 30 جون سے بارشوں کا آغاز ہو جائے گا۔محکمے موسمیات کے مطابق جولائی، اگست، ستمبر میں معمول سے بہت زیادہ بارشیں متوقع ہیں۔
کراچی ہلکی بارش

ای پیپر دی نیشن