پنجاب کا چار ماہ کےلئے بجٹ آج ‘ تنخواہوں ‘پنشن میں اضافے کےلئے وفاق کی تقلید ہو گی 

Jun 19, 2023


لاہور(کامرس رپورٹر)پنجاب کی نگران حکومت آج آئندہ چار ماہ کے لئے اخراجات جاریہ اورجاری ترقیاتی سکیموں کے لئے فنڈز مختص کرنے پر مبنی بجٹ پیش کرے گی۔محکمہ خزانہ پنجاب کے ذرائع نے بتایا پنجاب بھی سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشنرز کی پنشن میں اضافے کے لئے وفاق کی تقلید کرے گا۔ محکمہ خزانہ پنجاب کے ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال کے لئے پنجاب کے بجٹ کا تخمینہ 3300ارب روپے لگایا گیا ہے جس کے تناسب سے آئندہ مالی سال کے پہلے4ماہ کے لئے اخراجات جاریہ اور جاری ترقیاتی سکیموں کے لئے فنڈز مختص کرنےکا تخمینہ 550 سے 650ارب روپے کے لگ بھگ ہو گا۔واضح رہے رواں مالی سال کے پہلے 4ماہ میں پنجاب کے اخراجات جاریہ کا حجم 491ارب 40کروڑ روپے تھا۔ذرائع نے بتایا پنجاب کی نگران کابینہ کا منظورکردہ بجٹ عام انتخابات کے بعد قائم ہونے والی پنجاب اسمبلی سے منظور کرایا جائے گا۔ نگران حکومت کے تمام اخراجات بھی نئی اسمبلی سے منظور کرائے جائیں گے اور جب پنجاب اسمبلی اپنے سالانہ بجٹ کی منظوری دے گی تو ان 4ماہ کے اخراجات جاریہ اور جاری ترقیاتی سکیموں کے بجٹ سالانہ بجٹ کا حصہ ہوں گے۔
پنجاب / بجٹ

مزیدخبریں