آج یوم سوگ، انسانی سمگلروں کے خلاف کریک ڈاو¿ن کیا جائے، وزیراعظم 

Jun 19, 2023

اسلام آباد(خبرنگار+ نامہ نگار)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے یونان کے قریب بحیرہ روم میں کشتی الٹنے کے واقعے کی انکوائری کی ہدایات کرتے ہوئے کہا ہے انسانی سمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف گھیرا تنگ کیا جائے،انسانی سمگلنگ جیسے گھنانے جرم میں ملوث ایجنٹس کے خلاف فوری کریک ڈان اور انہیں قرار واقعی سزا دی جائے، وزیر اعظم آفس میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیرِ اعظم نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو لوگوں کو جھانسہ دے کر خطرناک اقدامات پر مجبور کرنے والے انسانی سمگلروں کی نشاندہی کرنے کی ہدایت کی۔وزیرِ اعظم کی ہدایت پر ایف آئی اے نے ڈی آئی جی عالم شنواری کو واقعے میں جاں بحق ہونے والوں اور زخمیوں کی معلومات و سہولت کیلئے فوکل پرسن مقرر کر دیا۔چیف سیکرٹری آزاد جموں و کشمیر نے بھی پاکستانی سفارتخانے اور یونانی حکام سے رابطے اور جاں بحق و زخمی ہونے والوں کی معلومات کیلئے فوکل پرسن تعینات کر دیا۔وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے یونان کے قریب بحیرہ روم میں کشتی الٹنے کے واقعے میں پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم کی ہمدردیاں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں،وزیرِ اعظم نے یونان میں پاکستانی سفارتخانے کو واقعے میں ریسکیو کئے جانے والے 12 پاکستانیوں کی دیکھ بھال کی ہدایت کی۔علاوہ ازیں وزیراعظم شہبازشریف کا یونان میں کشتی ڈوبنے کے حادثے میں پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے یوم سوگ کا اعلان کردیا یونان میں 14جون کو حادثے پر وزیراعظم نے آج 19جون کو قومی سوگ منانے کا اعلان کیا ہے آج قومی پرچم سرنگوں رہے گا اور جاں بحق ہونے والوں کے لئے خصوصی دعا کی جائے گی، وزیراعظم نے واقعے کی تحقیقات کے لئے چار رکنی اعلی سطح کمیٹی بھی تشکیل دے دی نیشنل پولیس بیورو کے ڈائریکٹر جنرل احسان صادق کمیٹی کے چیئرمین مقرر وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکریٹری (افریقہ)جاوید احمد عمرانی کمیٹی کے رکن مقرر آزادجموں وکشمیر پونچھ ریجن کے ڈی آئی جی سردار ظہیراحمد اور وزارت داخلہ کے جوائنٹ سیکریٹری (ایف آئی اے)فیصل نصیر بھی کمیٹی میں شامل کمیٹی یونان میں کشتی ڈوبنے کے تمام حقائق جمع کرے گی انسانی سمگلنگ کے پہلو کی تحقیق ہوگی اور ذمہ داروں کا تعین کیاجائے گا ۔عالمی سطح پر اس مسئلے کے حل کے لئے تعاون اور اشتراک عمل کی تجاویز دی جائیں گی فوری، درمیانی اور طویل المدتی قانون سازی کا جائزہ لیاجائے گا ،ایسے واقعات کا سبب بننے والے افراد، کمپنیوں اور ایجنٹوں کو سخت ترین سزائیں دینے کے لئے قانون سازی ہوگی کمیٹی ایک ہفتے میں رپورٹ وزیراعظم کو پیش کرے گی کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ دریں اثناءوزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے خصوصی کھلاڑیوں کے لیے میری نیک خواہشات ہیں جو سپیشل اولمپکس ورلڈ گیمز 2023 میں حصہ لینے کے لیے جرمنی میں ہیں اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ مرد اور خواتین کھلاڑی پر مشتمل 87 رکنی دستہ پاکستان کی عالمی ایونٹ میں بھرپور نمائندگی ہے۔انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ 11 گیمز کی تیاری کے دوران ان کی محنت کا پھل حاصل کیا جائے مجھے یقین ہے کہ ہمارے خصوصی کھلاڑی اپنی صلاحیتوں اور عزم کے ذریعے مادر وطن کا نام روشن کرنے کے لیے اس بڑے موقع کو استعمال کریں گے۔پوری قوم کی دعائیں ان کے ساتھ ہیں۔علاوہ ازیں سابق صدر آصف علی زرداری نے یونان میں کشتی حادثے پر اظہار افسوس کیا ہے۔ جاں بحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی پی کی قیادت غمزدہ خاندانوں کے غم میں شریک ہے۔ ہمیں اپنے ملک میں نوجوانوں کو روزگار اور بہتر مستقبل دینا ہو گا۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے یونان کے ساحل کے قریب کشتی الٹنے کے باعث ہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے۔محسن نقوی نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی ہمدردیاں جاں بحق افراد کے غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔سوگوار خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔محسن نقوی نے کہا کہ انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیاہے، کئی خاندانوں کے پیارے بچھڑ گئے ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ اس واقعہ پر ہر پاکستانی افسردہ ہے۔اللہ تعالیٰ جاں بحق افراد کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے آمین۔



مزیدخبریں