قربانی سنت ابراہیمی ،حکومت عید الاضحی پر مہنگائی کو کنٹرول کرے:عبد الغفار روپڑی 

Jun 19, 2023


لاہور (خصوصی نامہ نگار)قربانی سنت ابراہیمی ہے اور استطاعت رکھنے والوں پر فرض ہے۔ ذوالحجہ کی عبادات میں سستی نہیں کرنی چاہیے۔ حکومت عید الاضحی کے موقع پر مہنگائی کو کنٹرول کرے۔ یہ بات جماعت اہل حدیث پاکستان کے امیر مولانا حافظ عبد الغفار روپڑی نے کہی۔ انہوں نے کہا کہ قربانی استطاعت رکھنے والے مسلمان پر فرض ہے کچھ لوگ قربانی نہ کرنے کے بہانے ڈھونڈتے ہیں وہ جان لیں یہ اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول کا حکم ہے۔ اپنے عیش و عشرت کیلئے تمام کوششیں بروئے کار لانے والے بہانوں سے نہیں بچ سکتے۔ جماعت اہل حدیث ملک بھر میں پہلا عشرہ ذوالحجہ کو عشرہ توحید کے طور پر منائے گی۔ ذوالحجہ کی عبادات کی بہت زیادہ فضیلت ہے۔ ان کو خشوع وخضوع سے ادا کرنے کی کوشش کریں۔ حکومت ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے سنجیدہ کوشش کرے۔ تاکہ قوم کی مظلوم بیٹی امریکی قید سے رہائی حاصل کرسکے۔ حکومت کو چاہئے کہ عید سے قبل غریب عوام کیلئے ریلیف پیکیج کا اعلان اور مہنگائی کو کنٹرول کرنے کی عملی کوشش کرے تاکہ عام آدمی کو فائدہ پہنچ سکے۔ انہوں نے کلر کہار بس حادثہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہلاک ہونے والوں کے پسماندگان سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ ان کو صبر جمیل عطاءفرمائے اور ہلاک ہونے والوں کی مغفرت فرمائے (آمین)

مزیدخبریں