لاہور(نیوزرپورٹر)سپریم کورٹ میں اسلام آباد، راولپنڈی سے نئے انرولڈ ہونے والے وکلاءاور سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے رواں سال 2023-24ءکے الیکشن میں انڈیپنڈنٹ گروپ سے حصہ لینے والے امیدواران کے اعزاز میں ظہرانہ دیاگیا۔ انڈیپنڈنٹ گروپ کے رہنما عبدالواحد قریشی ایڈووکیٹ سپریم کورٹ نے نامزد کردہ امیدواران کے اعزاز میں اسلام آباد کلب میں ایک پرتکلف ظہرانے کا اہتمام کیا۔ تقریب میں اسلام آباد اور راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے سپریم کورٹ کے وکلاءکی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی۔ ہارون الرشید وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل حسن رضا پاشا چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی پاکستان بار کونسل اور علیم عباسی وائس چیئرمین اسلام آباد بار کونسل نے اپنے اپنے خطاب میں نئے انرولڈ وکلاءکو مبارکباد پیش کی اور سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے الیکشن میں حصہ لینے والے امیدواران کو مکمل حمایت کی یقین دہانی کروائی۔ شہزاد شوکت امیدوار برائے صدارت سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے حاضرین محفل کو یقین دلایا کہ وہ ہمیشہ رول آف لاءاور سپرمیسی آف جوڈیشری کو فروغ دینے میں یقین رکھتے ہیں اور صدر منتخب ہونے کے بعد وکلاءکی فلاح وبہبود میں دت رات ایک کر دیں گے۔ نائب صدارت (پنجاب) کے امیدوار علیم بیگ چغتائی سیکرٹری کے امیدوار سید علی عمران‘ نائب صدارت (سندھ) سے امیدوار سمیعہ فیض درانی‘ امیدوار برائے ایڈیشنل سیکرٹری محمد اورنگزیب خان اور فنانس سیکرٹری کے امیدوار رفاقت اسلام اعوان نے بھی شہزاد شوکت کے بیان کی تائید کی۔ احسن بھون بوجہ بیرون ملکی دورہ تقریب میں شرکت نہ کر سکے۔
عبدالواحدکاانڈیپنڈنٹ گروپ کے امیدواروں کے اعزاز میں ظہرانہ
Jun 19, 2023