لاہور (سپورٹس رپورٹر ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد حارث نے کہا ہے کہ انہیں اپنی بیٹنگ میں صبر لانے کی ضرورت ہے اور کیمپ میں اسی پر کام کر رہے ہیں ۔ میں بیٹنگ میں تحمل اور ٹھہرا لانے کی کوشش کر رہا ہوں ، بیٹنگ میں صبر کی ضرورت ہے ، چوکا چھکا مار سکتا ہوں، اب مجھے سنگلز اور ڈبلز بھی لینا ہیں ، اگر میں تحمل کیساتھ کھیلوں تو 35کو 50اور 50کو ستر رنز میں تبدیل کر سکتا ہوں ، اس کیلئے مجھے گرائونڈ شاٹس کھیلنے کی پریکٹس کرنا ہے اور اس میں بہتری لانا ہے ۔ میری کوشش ہے تینوں فارمیٹ میں پاکستان کی نمائندگی کروں ، میں ٹی 20اگر تیز کھیلتا ہوں تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ میں اسی فارمیٹ میں رہوں ، بھارتی کیپر ریشبھ پنت سمیت کئی کیپرز تینوں فارمیٹ میں تیز کھیلنے کی وجہ سے ہیں ، ایڈم گلکرسٹ بھی ماضی میں ہر فارمیٹ میں تیز کھیلتے تھے ۔ ویسے وہ انگلینڈ کے جوز بٹلر سے بہت متاثر ہیں اور ان ہی کو دیکھتے ہیں اور سیکھتے ہیں ۔ محمد حارث نے وکٹ کیپنگ کے شعبے میں آٹو میٹک چوائس محمد رضوان اور دیگر وکٹ کیپر کیساتھ مقابلے کے حوالے سے کہا کہ محمد رضوان مجھے بہت متحرک رکھتے ہیں ، سپورٹ کرتے ہیں ، جب میں زیرو پر آئوٹ ہو جائوں اور اننگز اچھی نہ ہو تو وہ میرے کمرے میں آجاتے ہیں اور مجھے بتاتے ہیں اور سپورٹ کرتے ہیں۔
پاکستانی دنیا کے بہترین فاسٹ بائولرز ہیں : محمد حارث
Jun 19, 2023