نئی دلی (نوائے وقت رپورٹ ) بھارت کی ریاستوں اتر پردیش اور بہار میں تین روز سے جاری گرمی کی شدید لہر کے باعث کم از کم 100افراد ہلاک ہوگئے۔کئی مقامات پر درجہ حرارت 40 ڈگری سے بھی تجاوز کر گیا ۔ شمالی اتر پردیش میں 54 اور مشرقی بہار میں 44 افراد ہلاک ہوئے۔ اتر پردیش میں تمام اموات ایک ضلع بلیا سے رپورٹ ہوئیں جہاں کم از کم 400 دیگر لوگوں کو علاج کے لیے ضلعی ہسپتال میں داخل کرایا گیا۔میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ایس کے یادو نے بتایا مرنے والوں میں سے زیادہ تر ہائی بلڈ پریشر اور ذیابیطس جیسی دیگر بیماریوں سے متاثر تھے۔ضلع بلیا میں ہفتے کے روز درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔مشرقی ریاست بہار میں 44 اموات میں سے 35 افراد کی موت صرف پٹنہ شہر میں ہوئی، ریاست کے دیگر اضلاع میں 9 افراد کی موت ہوئی۔بہار کے دارالحکومت پٹنہ میں جمعے کے روز زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 44.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا