سرینگر (اے پی پی) ایک اہم پیشرفت میں مقبوضہ جموں و کشمیر کے ممتاز سیاسی رہنما جن میں فاروق عبداللہ اور محبوبہ مفتی شامل ہیں۔ کشمیرکے بارے میں سیاسی تجزیہ کار اور ٹریک ٹو سفارت کار او پی شاہ کی طرف سے نئی دہلی میں منعقدہ گول میز کانفرنس سے غیر حاضر رہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فاروق عبداللہ ا ور محبوبہ مفتی کے علاوہ جن دیگر سیاسی رہنمائوں کوکانفرنس میں مدعو کیا گیا تھا انہوں نے شرکت نہیں کی، ان میں کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا مارکسسٹ کے محمد یوسف تاریگامی، نیشنل کانفرنس کے رکن پارلیمنٹ جسٹس (ریٹائرڈ) حسنین مسعودی اور الطاف بخاری شامل ہیں۔ سیاسی مبصرین نے''سینٹر فار پیس اینڈ پروگریس''کے سربراہ او پی شاہ کے زیر اہتمام گول میز کانفرنس میں کشمیر کے سینئر سیاستدانوں کی غیر موجودگی کو اہم قرار دیا۔ کانفرنس کا موضوع'' دفعہ 370 اور 35A پر ایک اور نظر''تھا۔ مظفر شاہ نے کہا کہ گول میز کانفرنس میں جموں و کشمیر کی ریاستی حیثیت بحال کرنے، فوری طور پر اسمبلی انتخابات کرانے، کشمیری پنڈتوں کی واپسی اور دفعہ 370 اور 35A پر بھارتی سپریم کورٹ میں دائر درخواستوں کی فوری سماعت کا مطالبہ کیا گیا۔