بیجنگ (این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ) امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن 2 روزہ دورہ پر بیجنگ پہنچ گئے۔ اینٹونی بلنکن پانچ سال میں امریکہ کے پہلے اعلیٰ عہدیدار ہیں جو چین کا دورہ کر رہے ہیں۔ غیرملکی خبررساں ادرے کے مطابق امریکی سیکرٹری خارجہ انٹونی بلنکن نے چینی ہم منصب چن گانگ سے ملاقات کی۔ دو طرفہ مسائل پر بات ہوئی۔ دنیا کی دونوں بڑی معیشتوں کے درمیان کسی بڑے بریک تھرو کی امید کم ہے۔ مگر یہ دورہ بہت اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ اینٹونی بلنکن کی چین کے اعلی سفیر وانگ یی سے ملاقات متوقع ہے، اور ممکنہ طورپر صدر شی جن پنگ سے بھی ملاقات ہوسکتی ہے۔ امریکی وزیر خارجہ دو روز چین میں قیام کریں گے۔ مبصرین کا کہنا تھا کہ انٹونی بلنکن کے دورے سے سرد جنگ کے خاتمے میں مدد ملے گی۔ اکتوبر 2018 ء کے بعد امریکی سیکرٹری خارجہ کا پہلا دورہ چین ہوگا۔ محکمہ خارجہ کے ایک سینئر اہلکار نے بیجنگ جاتے ہوئے ٹوکیو میں قیام کے دوران صحافیوں کو بتایا کہ دونوں ملکوں کو اس بات کا احساس ہے کہ ہمیں رابطوں کے لیے اعلیٰ سطح کے چینلزکی ضرورت ہے۔ ہم تعلقات کے اس اہم موڑ پر ہیں جہاں مس کیلکولیشن کے خطرے کو کم کرنا، یا تعلقات کو پستی کی طرف جانے سے روکنا ضروری ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا اور چین کے درمیان سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دور سے شروع ہونے والے تنائو اور کشیدگی کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب کوئی اعلیٰ امریکی عہدیدار چین پہنچا ہو۔ حال ہی میں تائیوان کے معاملے پر چین اور امریکا کے درمیان تعلقات نہایت کشیدہ ہوگئے تھے اور دونوں ممالک نے ایک دوسرے کو سنگین دھمکیاں دی تھیں۔ اس سے قبل دونوں ممالک ایک دوسرے پر سخت اقتصادی پابندیاں بھی عائد کرچکے ہیں ۔ یاد رہے کہ امریکی وزیر خارجہ کو رواں برس فروری میں چین کا دورہ کرنا تھا لیکن امریکا کی فضائی حدود میں چین کے جاسوسی غباروں کی موجودگی اور امریکی فوج کے اسے مار گرانے کا دعویٰ کے نتیجے میں پیدا ہونے والے تناؤ کے باعث یہ دورہ منسوخ کردیا گیا تھا۔ تاہم اس کے باوجود امریکی وزیر خارجہ کی چین آج آمد کا مقصد اعلیٰ سطح کے رابطوں اور تعلقات میں مزید خرابی سے بچنا ہے۔ عالمی میڈیا کے مطابق انٹونی بلنکن کے دورہ چین سے دونوں ممالک کے تعلقات میں کسی بھی قسم کی پیش رفت کا امکان نہایت کم ہے تاہم توقع کی جاسکتی ہے کہ مستقبل میں مزید ملاقاتوں کا دروازہ کھل جائے گا۔ چین روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو میں امریکی وزیر خارجہ نے اس عزم کا اظہار کیا تھا کہ وہ ’غلط فہمیوں‘ کے خاتمے اور چین کے ساتھ تعلقات کی بحالی کی کوشش کریں گے۔ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کے دو روزہ دورہ چین کے دوران سرکاری گیسٹ ہاؤس میں چینی وزیر خارجہ چن گانگ نے ملاقات کی۔ امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق امریکی اور چینی وزراء خارجہ کی وفود کی سطح پر ملاقات ساڑھے 5 گھنٹے جاری رہی۔ ملاقات کے بعد انٹونی بلنکن عشائیہ میں شرکت کیلئے چلے گئے۔ آج انٹونی بلنکن کی چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات متوقع ہے اور چین کے اعلیٰ سفارتی عہدیدار وانگ ای سے بھی ملاقات ہو گی۔ انٹونی بلنکن چینی حکام سے دوطرفہ تعلقات میں بہتری اور تجارتی تنازعات پر بات کریں گے۔ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن چین کا دورہ کرنے والے بائیڈن انتظامیہ کے پہلے اعلیٰ عہدیدار ہیں۔
2018ء کے بعد چین، امریکہ میں براہ راست رابطہ، بیجنگ میں بلنکن کی ہم منصب سے ملاقات
Jun 19, 2023