اسلام آباد (نا مہ نگار) بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) نے بینظیر تعلیم وظیفہ اقدام کے ذریعے اب تک 11.8 ملین بچوں کو سکولوں میں داخل کروایا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق جولائی تا مارچ مالی سال 2023 ء کے دوران سکیم کے تحت مجموعی طور پر 3.0 ملین بچوں کا اندراج کیا گیا۔ بینظیر تعلیم وظیفہ اقدام کے آغاز سے اب تک 63.3 بلین روپے تقسیم کیے جا چکے ہیں جن میں سے جولائی سے مارچ مالی سال 2023 ء تک 23.4 بلین روپے تقسیم کیے جا چکے ہیں۔ حکومت نے اکتوبر 2012 ء میں ابتدائی تعلیم کے لیے بی آئی ایس پی سے مستفید خاندانوں کو فی سہ ماہی اضافی نقد رقم فراہم کرنے کے لیے شریک ذمہ داری کیش ٹرانسفر اقدام شروع کیا ہے۔ چیئرپرسن بینظیر اِنکم سپورٹ پروگرام شازیہ مری نے کہا ہے کہ حکومتِ پاکستان نے بینظیر کفالت وظیفے میں 25 فیصد اضافہ کیا ہے۔ ایک بیان میں شازیہ مری نے کہا ہے کہ مالی سال 23-2022ء کی چوتھی سہ ماہی قسط کے 9000 روپے آج پیر سے تقسیم ہونا شروع ہوں گے۔90 لاکھ مستحقین کو یہ وظیفہ جاری کیا جائے گا۔ عوام کے سہولت کے لیے ان وظائف کی ادائیگی ملک بھر میں خصوصی طور پر قائم کردہ 1559 کیمپ سائٹس سے کی جا رہی ہے۔ مستحقین 9000 روپے کی پوری رقم وصول کریں اور رسید لینا نہ بھولیں، اس کے ساتھ تعلیمی وظائف کی جنوری تا مارچ قسط بھی جاری کی گئی ہے۔ شازیہ مری نے یہ بھی کہا ہے کہ جن بچوں کی حاضری %70 سے زائد ہے ان کی مائیں یہ وظیفہ ضرور حاصل کریں۔ کسی بھی شکایت کے لیے فری ہیلپ لائن 080026477 پر اطلاع کریں۔
بینظیر کفالت وظیفے میں 25 فیصد اضافہ‘ چوتھی قسط آج ملے گی: شازیہ مری
Jun 19, 2023