پشاور، بنوں، لکی مروت میں طوفانی بارش، دیوار، چھتیں گرنے سے 5افراد جاں بحق، 44زخمی

Jun 19, 2023

پشاور/ بنوں/لکی/ تھرپارکر  (بیورورپورٹ  +نا مہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ)پشاور سمیت جنوبی اضلاع میں تیز آندھی کیساتھ طوفانی بارشوں کے باعث دیواریں اور چھتیں گرنے کے نتیجہ میں بچہ سمیت4افراد جاں بحق جبکہ44افراد زخمی ہوگئے، جنہیں ریسکیو 1122کی امدادی ٹیموں نے فرسٹ ایڈ کی فراہمی کیساتھ ہسپتال منتقل کردیا۔ بنوں کے مختلف علاقوں میں دیوار اور چھتیں گرنے سے خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق 19 سے زائد زخمی ہوگئے ۔ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ؟ ریسکیو 1122حکام کے مطابق ضلع لکی مروت میں طوفانی ہوائوں کے ساتھ موسلادھار بارش سے گھروں کی چھتیں اور دیواریں بھی گر گئیں۔سرائے نورنگ میں ایک بچہ جاں بحق ہو گیا جبکہ 7افراد زخمی ہوئے ،جاں بحق اور زخمیوں کو سرائے نورنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ ضلع بھر کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ۔ضلع بنوں میں بارش اور طوفان نے 8 مختلف مقامات پر گھروں کی دیواریں گرا دیں اور کچھ مقامات پر چھتوں کو اڑا دیا جن میں سو رانی ،لکی، پکا بچک، ہوید، چاند ماری، برگے پمپ، نیو سبزی منڈی، پیر خیل ککی کے علاقے شامل ہیں۔ادھر پشاور کے نواحی علاقہ بڈھ بیر میں طوفانی بارش کے دوران مکان کی دیوار گرنے سے ایک خاتون اور ایک بچہ زخمی ہوا جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ تھرپارکر میں بارشوں کے باعث ہونے والے نقصان کی رپورٹ جاری کر دی گئی۔ ضلعی انتظامیہ کی رپورٹ کے مطابق ضلع بھر میں بارشوں سے 230 مویشی ہلاک ہوئے۔ 475 گھروں کو جزوی اور 182 گھروں کو مکمل نقصان ہوا۔ ضلع بھر میں طوفانی بارشوں سے 307 درخت گر گئے۔

مزیدخبریں