یونان کشتی حادثے میں ملوث ایجنٹ گرفتار

یونان کشتی حادثے میں ملوث ایجنٹ کو گرفتار کرلیا گیا،تعلق وزیرآباد سے ہے۔ایف آئی اے حکام کی جانب سے تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا گیا کہ ایجنٹ شہریوں کو یورپ بھجوانے کیلئے پیسے وصول کرتا تھا۔ ایجنٹ متاثرہ فیملز سے پیسے لے کر لیبیا مرکزی ایجنٹوں کو بھیجتا تھا۔ایف آئی اے حکام نے کہا کہ گرفتار ایجنٹ اٹلی پہنچنے کے فی کس 23 لاکھ وصول کرتا تھا۔ ایف آئی اے اینٹی ٹریفکنگ سرکل گجرات نے متاثرہ فیملی کی نشاندہی پر ایجنٹ کو گرفتار کیا۔ گرفتار ایجنٹ سے مرکزی سمگلرز کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔ اس حوالے سے ایڈیشنل ڈی جی نارتھ رانا عبد الجبار نے کہا ہے کہ کشتی حادثے کے شکار افراد کے اہل خانہ ہم سے رابطہ کریں۔ یونان کشتی حادثے کا جیسے ہی علم ہوا، معلومات حاصل کی گئیں۔ مزید ایجنٹس کو گرفتار کیا جائے گا اور سمگلنگ ایکٹ کے تحت سزائیں دی جائیں گی۔ایڈیشنل ڈی جی نارتھ نے بتایا کہ کچھ ایجنٹس کو گرفتار بھی کیا جاچکا ہے جنہیں عمر قید کی سزا ہوسکتی ہے۔ اس حوالے سے ہم لیبیا، اٹلی اور  یونان کے حکام سے رابطے میں ہیں۔ یونان اورسپین میں اس وقت ایف آئی اے نمائندے موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انسانی سمگلرز سے متعلق بھی مختلف ممالک سے رابطے میں ہیں، انسانی سمگلرز کے خلاف کیسز میں گواہ کا بیان اہم ہوتا ہے۔ گزشتہ سال بھی 19 ہزار 55 مشتبہ مسافروں کو آف لوڈ کرایا گیا تھا۔

ای پیپر دی نیشن