وفاقی وزیربرائے ریلوے وہوابازی خواجہ محمد سعد رفیق نے کہا ہے کہ یونان کشتی حادثہ میں سیکڑوں پاکستانیوں کی جانوں کا ضیاع ایک دلخراش سانحہ ہے مگر یہ پہلا حادثہ نہیں بلکہ حادثات کا تسلسل ہے ، سرکاری سطح پر سوگ منایا جائیگا،انسانی سمگلروں کی گرفتاریاں بھی ہوں گی، متوفیان کے لواحقین کو پرسہ بھی دیا جائیگا اور مالی اعانت بھی اور پھر ، ہم من حیث القوم کوئی سبق سیکھے بغیر اگلے حادثے کے منتظر رہیں گے ۔ ان خیالات کااظہار خواجہ محمد سعد رفیق نے سوموار کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ غربت بھوک بیروزگاری ناانصافی لاقانونیت آمرانہ مائنڈ سیٹ کا شکار پاکستانی نوجوان کوئلے کی کانوں سے لیکر کھلے سمندروں اور وطن عزیز کے کوچہ بازار تک یونہی اپنی جانیں لٹاتے رہیں گے۔لوگ جانوں سے گزرتے رہیں گے مگرقوم کے طاقتور طبقات اپنے اپنے بتکدوں میں اپنے اپنے پسندیدہ بتوں کی مدح سرائی جاری رکھیں گے ۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ جذباتی نعروں کھوکھلے دعووں اور جھوٹے خوابوں کی تھاپ پر ناچنے والی زوال پذیر قومیں بے وقوف بننے کی قیمت یونہی اپنی جانوں مالوں اور عزتوں سے چکاتی ہیں، اللہ کریم اس قوم کے حاکم طبقات کواپنے دھڑوں سے بالاترہو کر سوچنے سمجھنے کی توفیق عطا فرمائیں۔
یونان کشتی حادثہ میں سینکڑوں پاکستانیوں کی جانوں کا ضیاع دلخراش سانحہ ہے:سعد رفیق
Jun 19, 2023 | 16:16