موسم گرما کی آمد اور ایئرکنڈیشنرز سمیت دیگر برقی آلات کے استعمال کے آغاز سے قبل ہی ملک بھر میں بجلی کا بحران شدت اختیار کرگیا ہے۔شارٹ فال سات ہزار میگاواٹ ہونے کے بعد گھنٹوں طویل لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بھی عروج پر ہے جس کے نتیجے میں زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے۔ لاہور سمیت شہری علاقوں میں بجلی کی بندش کا دورانیہ بارہ جبکہ دیہی علاقوں میں سولہ سے اٹھارہ گھنٹے تک پہنچ گیا ہے۔ پیپکو ذرائع کے مطابق منگلا اور تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح ڈیڈ لیول پر برقرار ہے جس کے باعث ہایئڈل پیداوار نہ ہونے کے برابر ہے جبکہ پی ایس او کی جانب سے مطلوبہ مقدار میں فرنس آئل نہ ملنے کے باعث تھرملسش پیداوار بھی انتہائی کم ہے۔