سابق بھارتی کرکٹرز نے عالمی کرکٹ کونسل کے چیف ایگزیکٹیو ہارون لوگارٹ سے پاکستانی آف سپنر سعید اجمل کے باؤلنگ ایکشن پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ سعید اجمل باؤلنگ کراتے ہوئے جرک مارتے ہیں جوکہ عالمی کرکٹ قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ انھوں نے آئی سی سی سے مطالبہ کیا کہ وہ سعید اجمل پرپابندی عائد کرے۔ آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو ہارون لوگارٹ کی جانب سے بھارتی الزامات کے ردعمل میں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ سعید اجمل کے باؤلنگ ایکشن کے خلاف کسی بھی میچ ریفری یا ایمپائر کی جانب سے اعتراض سامنے نہیں آیا اور نہ ہی انکے بارے میں کھیل کے دوران کسی قسم کی شکایات موصول ہوئیں۔ انکا کہنا تھا کہ اجمل کا بازو مطلوبہ ڈگری کے اندر ہی رہتا ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی سعید اجمل کے باؤلنگ ایکشن پر متعدد بار اعتراضات لگائے جا چکے ہیں، آخری بار انگلینڈ کو ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش میں اہم کردار ادا کرنے پر انگلش میڈیا اورسابق انگلش کرکٹرز نے سعید اجمل پر شدید نقطہ چینی کی تھی جبکہ آئی سی سی انکے باؤلنگ ایکشن کو کلیئر قرار دے چکی ہے۔