موہالی (اے پی پی) بھارت نے آسٹریلیا کو موہالی ٹیسٹ میں 6وکٹوں سے شکست دے کر چار میچوں کی سیریز میں 3-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔ ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری روز آسٹریلوی ٹیم 223 رنز بناکر آﺅٹ ہوگئی، فلپ ہیوز 69 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے۔ جواب میں بھارت نے 133 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ ویرات کوہلی 34 اور چیتشور پجارا 28 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ شیکھر دھاوان کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ پیر کو یہاں پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن سٹیڈیم، موہالی میں ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری روز آسٹریلیا نے اپنی دوسری نامکمل اننگز 75 رنز 3 کھلاڑی آﺅٹ پر دوبارہ شروع کی تو فلپ ہیوز 53 اور نیتھن لائن 4 رنز پر ناٹ آﺅٹ تھے۔ لائن آسٹریلیا کے چوتھے آﺅٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 18 رنز بنانے کے بعد پرگیان اوجھا کی گیند پر دھونی کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوئے۔