ڈربن (اے پی پی) پاکستان اور جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان چوتھا ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ 21 مارچ کو کنگزمیڈ، ڈربن میں کھیلا جائے گا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق دن ایک بجے شروع ہوگا۔ میزبان جنوبی افریقہ کو پانچ میچوں کی سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل ہے۔ بلوم فونٹین میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ نے 125 رنز سے فتح حاصل کی، سینچورین میں مصباح الیون نے شاندار کم بیک کیا اور 6 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرکے سیریز برابر کر دی۔ جوہانسبرگ میں کھیلے گئے تیسرے ون ڈے میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو دلچسپ مقابلے کے بعد 34 رنز سے ہرا کر سیریز میں دوبارہ برتری حاصل کر لی۔ واضح رہے کہ 1992 سے اب تک پاکستان نے ڈربن کے میدان میں مختلف ٹیموں کے خلاف 7 میچ کھیلے جن میں سے 4 جیتے اور 3 میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ جنوبی افریقہ کے خلاف گرین شرٹس نے پانچ میچ کھیلے، تین میں اسے فتح حاصل ہوئی اور دو میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا، اس میدان پر سب سے بڑا ٹوٹل 351 ہے جو پاکستان نے 2007 میں جنوبی افریقہ کے خلاف بنایا تھا، اس میچ میں پاکستان نے 141 رنز کے بڑے مارجن سے فتح سمیٹی تھی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پانچواں اور آخری ون ڈے میچ 24 مارچ کو ولومور پارک، بینونی میں کھیلا جائے گا۔