کراچی (این این آئی) جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) کے مشی او ہیگاوا کی سربراہی میں جوائنٹ سروے ٹیم نے کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے حوالے سے تفصیلی سروے کے بعد اعلان کیا ہے کہ تھر میں کوئلے کے ذخائر سے 10 روپے فی کلوواٹ فی گھنٹہ بجلی پیدا کی جا سکتی ہے جبکہ تیل سے پیدا کی جانے والی بجلی کی پیداواری لاگت 25 روپے فی کلو واٹ فی گھنٹہ ہے۔ جائیکا کی سروے ٹیم نے کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے حوالے سے تفصیلی سروے کا آغاز ستمبر 2012 میں کیا گیا تھا، سروے رپورٹ میں جائیکا کو 500 کے وی ٹرانسمیشن لائن کی تعمیر کیلئے 226 ملین ڈالر کا قرضہ فراہم کرنے کا بھی مشورہ دیا گیا ہے، جس سے تھر میں قائم کئے جانے والے پاور پلانٹس سے 2700 میگاواٹ بجلی کو نیشنل گرڈ میں شامل کیا جا سکے گا۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں بجلی کی طلب میں سالانہ 9.3 فیصد کے حساب سے اضافہ ہو رہا ہے اور 2028-29 تک پاکستان میں بجلی کی طلب ایک لاکھ میگاواٹ تک بڑھ جائے گی، تھر میں کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
تھر کے کوئلے سے 10 روپے فی کلوواٹ بجلی پیدا ہو سکتی ہے: جاپانی کمپنی
Mar 19, 2013