لاہور(خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی کے امیر سید منور حسن نے قوم سے 22 مارچ بروزجمعة المبارک کو ملک بھر میں ”یوم استغفارودعا“ منانے کی اپیل کی ہے اور کہا ہے کہ اس روز قوم انفرادی و اجتماعی طور پر رجوع الی اللہ کا اہتمام کرے۔ اپنے بیان میں سید منورحسن نے کہا کہ پاکستان گزشتہ ایک عرصے سے بالخصوص جن حالات سے دوچار ہے اس کی سنگینی آج کل اپنے عروج پر ہے۔ کوئٹہ، کراچی سے لے کر پشاور اور لاہور تک انسانی جانیں اور املاک جس بے دردی اور بے رحمی کے ساتھ لوٹی جارہی ہیں، ملکی تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی۔ بدامنی، دہشت گردی، فسادات اور گروہی تقسیم نے پوری قوم کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ قومی سطح کی قیادتیں اور حکمران طبقات اس وژن، دلسوزی، قوت فیصلہ اور جرا¿ت سے بالکل عاری ہیں۔ ہر طبقہ اپنے مفادات کا اسیر ہے۔ پاکستان کی سا لمیت کے خلاف بیرونی سازشیں اب ڈھکی چھپی نہیں۔ نظریے کی شکست و ریخت سے لے کر جغرافیائی تقسیم کی باتیں اب دن کی روشنی اور ڈنکے کی چوٹ پر کی جارہی ہیں۔ یہ سب کچھ اللہ تعالیٰ کی ناراضگی کی نشانیاں ہیں۔