اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ نے اربوں روپے کے ایل این جی ٹھیکے کے خلاف حکم امتناعی برقرار رکھتے ہوئے سوئی سدرن کمپنی کی جانب سے بولی کا عمل مکمل کرنے کی استدعا مسترد کر کرد ی جبکہ فریقین کمپنیوں کی جانب سے رپورٹ عدالت میں پیش کی گئیں۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے ازخود نوٹس کی سماعت کی تو، عدالت سے سوئی سدرن گیس کمپنی کے وکیل نے استدعا کی کہ ٹھیکے کیلئے بولی کا عمل مکمل کرنے دیا جائے، عدالتی حکم آنے تک کوئی حتمی کام نہیں کریں گے، پیپرا، نیب اس حوالے سے معاملات کو دیکھ رہے ہیں۔ وفاق کے وکیل نے بتایا کہ عدالت میں جمع کرائی گئی دستاویزات میں سے کچھ چیزیں مبہم ہیں، دوبارہ جمع کرانے کیلئے مہلت دی جائے۔ عدالت نے مقدمے کی سماعت 2 ہفتے کیلئے ملتوی کردی۔