پنجاب حکومت کی جانب سے نگران وزیر اعلی کے لیے دو نام فائنل کیے گئے تھے ۔ جسٹس ریٹائرڈ عامر رضا اور خواجہ ظہیر۔ دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی نے اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مشاورت کی، مسلم لیگ ق نے پیپلزپارٹی کو نگران وزیراعلی کے لیے حفیظ اختر رندھاوا اور جسٹس ریٹائرڈ زاہد حسین کے نام دیئے۔ پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف راجہ ریاض نے پیر کو تین نام نگراں وزیراعلی کےطورپردیئے۔ جن میں میاں عامر محمود، عاصمہ جہانگیر اور حفیظ اختررندھاوا شامل تھے۔ پاکستان تحریک انصاف اور جماعت اسلامی نے بھی میاں عامرمحمود کے نام کی حمایت کی، لیکن میاں عامر محمود اور عاصمہ جہانگیر نے نگران وزیر اعلی بننے سے معذرت کرلی۔ جس کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے صرف حفیظ اختر رندھاوا کا نام ہی میدان میں رہ گیا ہے۔ مسلم لیگ ن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ آج رات میاں نواز شریف کی وطن واپسی کے بعد مشاورتی عمل شروع کیا جائے گا جس کے بعد پنجاب کے لیے نگران وزیر اعلی کا نام فائنل کیا جائے گا۔