اسلام آباد(آئی این پی) اسلام آباد کچہری میں دہشت گردی کے واقعہ کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ بار اور اسلام آباد ڈسٹرکٹ بار کے زیر اہتمام منگل کو یہاں سینکڑوں وکلاء نے احتجاجی ریلی نکالی اور پارلیمنٹ ہائوس کے سامنے دھرنا دیا ۔ ہائی کورٹ بار کے صدر محسن کیانی اور ڈسٹرکٹ بار کے صدر نصیر احمد کیا نی کی قیادت میں دفعہ 144 کے باوجود وکلاء کی ریلی کچہری سے شروع ہو کر پارلیمنٹ ہائو س تک گئی۔ پارلیمنٹ ہائوس کے باہر جب ریلی پہنچی تو پیپلز پارٹی اور اے این پی کے رہنمائوں، سینٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر اعتزاز احسن ‘ سابق وفاقی وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ ، سابق وفاقی وزیر نذر گوندل اور اے این پی کے ترجمان سینیٹر زاہد خان وکلاء سے اظہار یک جہتی کیلئے وہاں پہنچے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نصیر احمد کیانی اور محسن کیانی نے کہا کہ ججز سمیت وکلاء شدید خوف و ہراس میں مبتلا ہیں کہ کہیں اس جیسا واقع دوبار ہ پیش نہ ہو ہمارا مطالبہ ہے ایس ایس پی آپریشنز ڈاکٹر رضوان ،آئی جی ، چیف کمشنر ، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو فوری طور پر بر طرف کیا جائے اور چوہدری نثار جیسے نا اہل وزیر داخلہ کو فوری طور پر ان کے عہدے سے ہٹایا جائے۔ سینیٹر اعتزا ز احسن نے کہا کہ حکمران اس واقعہ کو نر می سے لے رہے ہیں میںمطالبہ کرتا ہوں کچہری کو فوری طور پر حفاظتی جگہ پر منتقل کیا جائے۔