اسلام آباد (ثناء نیوز) سابق وفاقی وزیر اور سنیٹر اعظم خان ہوتی کی اہلیہ شمیم کیانی نے کہا ہے کہ اگر انہیں بروقت انصاف نہ ملا اور ان کے گھر پر حملہ کرنے والے مسلح افراد کو گرفتار نہ کیا گیا تو وہ سپریم کورٹ کے سامنے خودسوزی کرنے پر مجبور ہوں گی۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ میرا اپنے خاوند اعظم خان ہوتی کے ساتھ حق مہر کا مقدمہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیرسماعت ہے۔ مقدمہ سے مجھے دستبردار کرانے کیلئے میرے خلاف جھوٹے مقدمات درج کرانے کے ساتھ ساتھ میرے خاوند اعظم خان ہوتی نے اپنے ایک ملازم شاہنواز خان کے ذریعہ دعویٰ کرایا کہ میں اصل میں شاہنواز خان کی بیوی ہوں۔ انہوں نے جعلی کاغذات بنا کر پشاور کی عدالت میں پیش کئے جسے میں نے سپریم کورٹ کے ذریعہ اسلام آباد کی ایک عدالت میں ٹرانسفر کروایا مگر اس مقدمہ کا مدعی شاہنواز خان ایک بار بھی عدالت کے سامنے پیش نہیں ہوا اب شاہنواز خان نے ایک اور جعلی نکاح نامہ بنا کر راولپنڈی کے ایڈیشنل سیشن جج رانا عامر سلیم کی عدالت میں دعویٰ بابت 22 اے دائر کیا ہے کہ میں اس کی بیوی ہوں اور میں نے اعظم خان ہوتی کے ساتھ نکاح پہ نکاح کیا ہے۔ فاضل عدالت نے نہ مجھے سمن جاری کیا اور نہ بلایا، نہ سنا اور یکطرفہ فیصلہ دے دیا کہ شمیم اختر کیانی کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے یہ ناانصافی کی مثال ہے۔