وزیراعلیٰ سندھ کے شہر کا ایک سکول بھینسوں کا باڑا بنا دیا گیا

 خیرپور (آئی این پی) وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کے شہر میں پرائمری سکول کی عمارت تو بن گئی لیکن وہاں تعلیم کا دیا جلانے کے بجائے اسے بھینسوں کا باڑا بنا دیا گیا ہے۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ  کے مطابق  وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کے آبائی شہر خیرپور کی واپڈا اسکارپ کالونی میں گرلز پرائمری سکول کی عمارت تعمیرکی گئی لیکن سکول کے کمروں میں نشہ کرنے والوں نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں اور لوگوں نے میدان میں اپنی بھینسیں باندھنا شروع کردیں جس کے بعد سکول بھینسوں کا باڑا ہی بن کر رہ گیا ہے۔ سکول کی حالت زار پر محکمہ تعلیم تو دور کی بات، کسی سماجی رہنما نے بھی دھیان نہیں دیا۔ ڈی او تعلیم لیاقت خاصخیلی کے مطابق اپریل میں مذکورہ سکول کے لئے اساتذہ کی تقرری کے بعد تدریسی عمل شروع کردیا جائیگا جبکہ  میڈیا پر خبریں آنے کے بعد علاقے کے رکن قومی اسمبلی نے نہ صرف اسطبل نما سکول کا دورہ کیا بلکہ 7 روز کے اندر تدریسی عمل شروع نہ کرانے پر مستعفی ہونے کا اعلان بھی کرڈالا۔

ای پیپر دی نیشن