کراچی(آن لائن) حلقہ این اے246عزیز آباد کے ضمنی انتخاب کیلئے کل 20 امیدواروں نے کاغذات جمع کرا دیئے، این اے 246 کی نشست نبیل گبول کے استعفے کے بعد خالی ہوئی تھی، تحریک انصاف کے 7، متحدہ قومی موومنٹ کے 4، جماعت اسلامی کے 2، پیپلز پارٹی کے 2، پاسبان کے 2، مسلم لیگ ن کے ایک اور 2 آزاد امیدوار شامل ہیں۔ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے246 کے ضمنی انتخاب کیلئے پاکستان تحریک انصاف کے نازیہ ربانی، راجا اظہر، آصف میمن، عمران اسماعیل، فردوس شمیم اور سہیل خان سمیت7امیدواروں، متحدہ قومی موومنٹ کے کنور نوید جمیل، اسلم شاہ اور سیما زرین سمیت4امیدواروں، جماعت اسلامی کے راشد نسیم اور منعم ظفر، پیپلز پارٹی کے حسن پرویز ماما اور ظفر احمد صدیقی، پاسبان کے عثمان معظم اور شیخ محمد شکیل، مسلم لیگ ن کے محمد ایوب خان نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔ آزاد امیدواروں میں عتیق قریشی اور پرویز صدیقی شامل ہیں۔ تمام امیدواروں نے بھی ڈسٹرکٹ آفس ضلع وسطی میں ریٹرننگ افسر سید ندیم حیدر کے پاس کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ یاد رہے کہ پیپلز پارٹی چھوڑ کر متحدہ قومی موومنٹ میں شامل ہونے والے نبیل گبول اس حلقے سے ایم کیوایم کے ٹکٹ پر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے اور ایک ماہ پہلے وہ اس نشست سے مستعفی ہوگئے تھے۔