الطاف حسین سکیورٹی فورسز کو بدنام کر رہے ہیں‘ برطانیہ بیان بازی سے روکے: نثار

Mar 19, 2015

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+ خبرنگار خصوصی+ایجنسیاں)  پاکستانی حکومت نے برطانیہ سے کہا ہے کہ ان کے شہری الطاف حسین پاکستانی سکیورٹی فورسز کو بدنام کر رہے ہیں اور برطانوی حکومت انہیں بیان بازی سے روکنے کے لئے قانونی راستے استعمال کرے۔ یہ بات وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے اسلام آباد میں برطانوی ہائی کمشنر فلپ بارٹن سے ملاقات میں کہی۔ وزیر داخلہ نے برطانوی ہائی کمشنر سے کہا کہ الطاف حسین کے خلاف مقدمہ بھی درج ہو چکا ہے اور اب برطانوی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ الطاف حسین کو بیان بازی سے روکے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے اور ان حالات میں جب آپریشن ضربِ عضب میں فوج کو کامیابیاں مل رہی ہیں، الطاف حسین کی فوج کے خلاف الزام تراشی سے دہشت گردی کے خلاف جنگ متاثر ہو سکتی ہے۔ وزارت داخلہ کے ذرائع نے بی بی سی کو بتایا کہ رینجرز حکام نے وزارت داخلہ کو خط لکھا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر رینجرز کے چھاپے کے بعد الطاف حسین نے نجی ٹی وی چینل کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں فوج کو بدنام کرنے کی کوشش کی ہے اور وزارت داخلہ اس سلسلے میں برطانوی حکومت سے بات کرے۔ اس سے قبل نجی ٹی وی کے پروگرام میں الطاف حسین نے کہا تھا کہ ریاستی ادارے ایم کیو ایم کے خلاف ہیں اور جنہوں نے بھی ایم کیو ایم کے مرکز پر چھاپہ مارا وہ ’تھے‘ ہو جائیں گے۔ آن لائن کے مطابق وزیر داخلہ نے ہائی کمشنر کو الطاف حسین کے رینجرز کو دھمکیاں اور گزشتہ روز انکے خلاف درج ہونے والے مقدمہ کے حوالے سے آگاہ کیا۔ ملاقات میں پاکستان برطانیہ کے تعلقات، کراچی میں امن وامان، نائن زیرو پر رینجرز کے چھاپہ اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے ملاقات کے دوران الطاف حسین کے خلاف ثبوت بھی برطانوی ہائی کمشنر کے حوالے کئے جبکہ وزیر داخلہ نے برطانوی ہائی کمشنر کو بتایا کہ الطاف حسین لندن میں بیٹھ کر پاکستانی حکام، رینجرز کو دھمکیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے برطانوی ہائی کمشنر سے درخواست کی کہ الطاف حسین کو لندن کی سرزمین سے پاکستان کو دھمکیاں اور بیان بازی سے روکا جائے۔ ملاقات میں عمران فاروق قتل کیس کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ دریں اثناء اے ایف پی کے مطابق پولیس نے الطاف حسین کے خلاف مقدمہ درج ہونے پر تفتیش شروع کر دی ہے۔ وزیر داخلہ نے برطانوی ہائی کمشنر کو الطاف حسین کے خلاف درج ہونے والے مقدمہ کی نقل بھی فراہم کی گئی ہے۔ نثار علی خان نے کہا کہ برطانیہ میں بیٹھ کر پاکستان اور اسکے سکیورٹی اداروں کے خلاف بات کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ نائن زیرو پر کارروائی قانون کے دائرے میں رہ کر کی گئی ہے۔

مزیدخبریں