مشرف کے باہر جانے پر حکمران زبان کا پاس کرتے ہوئے استعفیٰ دیں: سراج الحق

Mar 19, 2016

حیدر آباد (نوائے وقت رپورٹ) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکمران عوام کے خون پسینے کی کمائی کو لوٹ کر باہر بھیجتے ہیں۔ نیب کا ادارہ بھی برائے نام ہے۔ حیدر آباد میں اسلامی کے زیر اہتمام نکالے گئے ناموس رسالتؐ مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں معاشی دہشت گردی ہے، نظریہ ضرورت کے تحت حکمرانوں نے پرویز مشرف کو ملک سے باہر جانے کی اجازت دی۔ حکمرانوں نے کہا تھا کہ اگر پرویز مشرف باہر چلے گئے تواستعفیٰ دیدیں گے۔ آج حکمران اپنی زبان کا پاس رکھتے ہوئے استعفیٰ کیوں نہیں دیتے۔ انہوں نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے مشرف کو نظریہ ضرورت کے تحت باہر جانے کی اجازت دیکر ثابت کردیا ہے کہ یہاں آئین و قانون کی نہیں نظریہ ضرورت کی حکمرانی ہے، بلاول نے اسلامی جماعتوں کا مقابلہ کرنے کیلئے امریکہ نواز سیکولر پارٹیوں کو متحد ہونے کی تجویز دی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں عدالتی نظام مفلوج ہوکر رہ گیا، احتساب کے ادارے اپنی ناکامیوں پر رو رہے ہیں،نیب مچھروں کو پکڑتا اور مگر مچھوں کو چھوڑ دیتا ہے ،اربوں لوٹنے والوں سے چند لاکھ لیکر چھوڑ دینا ہر کسی کو کرپشن کی دعوت دینے کے مترادف ہے ،قومی خزانے کو لوٹنے والوں سے حساب برابر کرنے اور اسلامی و خوشحال پاکستان کیلئے عوام کرپشن فری پاکستان تحریک کا حصہ بن جائیں، سراج الحق نے کہا نسواں بل کے نام پر پنجاب اسمبلی میں خواتین کے حقوق پر ڈاکہ ڈالاگیا۔ یہی وہی پرویزمشرف کانامکمل ایجنڈاہے جسے موجودہ حکمران پور اکرنے میں لگے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا پرویزمشرف کے معاملے میں عدالت نے اپنی ذمہ داری پوری نہیں کی۔

مزیدخبریں