لاہور (پ ر) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے انڈیا جے پور ویسٹ زون کے تنظیمی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک منہاج القرآن کا ہر کارکن امن کا سفیر اور اسلام کا سچا سپاہی ہے۔ اسلامی تعلیمات عالمی امن اور انسانی بھائی چارے سے عبارت ہیں۔ اسلام وہ واحد دین ہے جو مسلمان تو کیا غیر مسلم کے ناحق قتل کی بھی اجازت نہیں دیتا۔ پیغمبر امنؐ نے مسلم معاشرے میں غیر مسلم کے جان و مال اور عزت کے تحفظ کی ضمانت دی ہے، اسلام کے نام پر گلے کاٹنے والے سکولوں، عبادتگاہوں، ہسپتالوں اور تجارتی مراکز میں دہشتگردی کرنے والوں کا دین اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ یہ انسانیت اور عالمی امن کے دشمن ہیں۔ ان دہشت گردوں نے سب سے زیادہ نقصان مسلمانوں کو پہنچایا ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے فروغ امن نصاب کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہاکہ یہ وہ واحد نصاب ہے جو تاریخ عالم میں پہلی بار امن کو فروغ دینے کیلئے مرتب کیا گیا ہے، اس نصاب کے ذریعے اسلام کا نام استعمال کرنے والے دہشتگردوں کو دنیا میں تنہا اور بے نقاب کر دیا گیا ہے۔