مسلم ممالک کو میدان جنگ بنانے، سعودیہ کو کمزور کرنیکی سازشیں ہو رہی ہیں: حافظ سعید

Mar 19, 2016

لاہور (خصوصی نامہ نگار)امیر جماعۃ الدعوۃ حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ بیرونی قوتیں عالم اسلام کی سطح پر شیعہ سنی لڑائی جھگڑے کھڑے کرنا چاہتی ہیں، مسلم ممالک کو میدان جنگ بنانے اور سعودی عرب کو کمزور کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں، اس وقت نظریہ پاکستان کی آبیاری اور گلی محلہ کی سطح پر لوگوں کی ذہن سازی کی ضرورت ہے۔ مسلمانوں کو درپیش مسائل اور کفار کی مداخلت روکنے کی سب سے بڑی بنیاد یہی ہے۔ یوم پاکستان کے سلسلہ میں لاہور، ملتان، کراچی اور پشاور کی طرح پورے ملک میں نظریہ پاکستان کنونشن، جلسوں اور کانفرنسوں کے انعقاد کا سلسلہ جاری ہے۔ وہ جامع مسجد القادسیہ میں جمعہ کے دوران خطاب کر رہے تھے۔ جماعۃ الدعوۃ کی اپیل پر ملک بھر میں علماء کرام اور دینی جماعتوں کے قائدین نے تحفظ نظریہ پاکستان اور بیرونی سازشوں کو خطبات جمعہ کا موضوع بنایا اوراس عزم کا اظہار کیا کہ ملک گیر سطح پر نظریہ پاکستان مہم کو بھرپور انداز میں جاری رکھا جائے گا۔ حافظ محمد سعید نے اپنے خطاب میں کہاکہ قائد اعظم محمد علی جناح نے کہا تھا کہ پاکستان صرف ایک ملک نہیں بلکہ ایک عملی تجربہ گاہ ہو گی جہاں اسلام نافذ کر کے اس کا عملی نمونہ پوری دنیا کے سامنے پیش کیا جائے گالیکن افسوس کہ قیام پاکستان کے بعد اللہ تعالیٰ سے کئے گئے عہد کی پاسداری نہیں کی گئی۔ حافظ محمد سعید نے کہاکہ امریکہ اور اس کے اتحادیوںنے افغانستان میں شکست پر ایک طرف مسلمانوں کو آپس میں لڑانے کی سازشیں کیں۔ مسجدوں، بازاروں اور مارکیٹوں میں دھماکے کروائے گئے تاکہ مسلمانوں کی سوچیں مفلوج ہو جائیں اور ان کا کردار ختم ہو جائے۔ اسی طرح دوسراکام عالم اسلام کی سطح پر شیعہ سنی لڑائی جھگڑے کھڑے کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ بیرونی قوتوں کی کوشش ہے کہ سعودی عرب کو کمزورکیا جائے۔یہ دونوں چیزیں بہت خطرناک ہیں۔ افسوس کہ مسلم حکمران و سیاستدان اس طرف توجہ دینے کیلئے تیار نہیں ہیں۔ جماعۃ الدعوۃ سیاسی امور کے سربراہ پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی نے جامع مسجد قبا اسلام آباد میں خطبہ جمعہ کے دوران کہاکہ دشمنان اسلام نوجوان نسل کے ذہنوں سے پاکستان کا مطلب کیا‘ لاالہ الااللہ کا نعرہ نکالنے کی سازشیں کر رہے ہیں۔ تحریک حرمت رسول ﷺ پاکستان کے سیکرٹری جنرل مولانا امیر حمزہ نے کہاکہ کلمہ طیبہ کی بنیاد پر معرض وجود میں آنے والے ملک کو سیکولر بنانے کیلئے کروڑوں ڈالر خرچ کئے جارہے ہیں۔

مزیدخبریں