اسلام آباد (اے پی پی) ترکی نے 16 مارچ کو پشاور بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ترکی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گا۔ جمعہ کو ترک سفارت خانے نے وزارت خارجہ کا بیان جاری کیا جس میں کہا گیا ترکی 16 مارچ کو پشاور میں سرکاری ملازمین کی بس پر دہشت گرد حملے کی پرزور مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے بم دھماکہ میں جاں بحق افراد کے لواحقین، حکومت اور پاکستانی عوام کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ ترکی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں کامیاب ہوگا اور ترکی اس سلسلے میں برادر ملک پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔