اسلام آباد (آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ) اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی ) نے 5سالہ نئی آٹو پالیسی (اے ڈی پی) 2016-21 کی منظوری دے دی۔ پالیسی کو کل 21مارچ باقاعدہ طور پر لانچ کیا جائے گا، بینک ٹرانزیکشن پر 0.4 فیصد ودہولڈنگ ٹیکس کی تاریخ میں 31 مارچ تک توسیع کر دی گئی، کمیٹی نے پی آئی اے کیلئے1 5 1ارب کی حکومتی ضمانت کی بھی منظوری دی۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی صدارت میں اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ پالیسی کا مقصد صنعتی گروتھ اور ٹیرف میں توازن لانا ہے تاکہ تمام سٹیک ہولڈر کے لئے پائیداری یقینی لائے جا سکے۔ ای سی سی نے وزارت قومی تحفظ خوراک کی تجویز پر گندم/ آٹا کی 15جون تک برآمد کرنے کی منظوری دی،ایف بی آر کی تجویز پر کمیٹی نے لوہے پر 30 جون تک 15فیصد اضافی ریگولیٹری ڈیوٹی عائد اور ایلومینیم الائے پر 10فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی کی منظوری دی۔ کمیٹی نے آر ایل این جی پر چلنے والے آئی پی پیز کی تجویز پر تفصیلی بحث کی اور 1000 میگاواٹ کے آر ایل این جی پر چلنے والے آئی پی پیز کیلئے بڈز جمع کرانے کی15اپریل تک توسیع کی منظوری دی۔ اجلاس میں ٹی این بی ایل پی ایل کے لئے 45 ایم ایم سی ایف ڈی گیس فراہم کرنے کی منظوری دی گئی۔
5 سالہ آٹو پالیسی منظور‘ لوہے کی مصنوعات پر 30 جون تک 15 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی عائد
Mar 19, 2016