قومی اسمبلی : یوٹیلٹی سٹورز پر سبسڈی ختم کر دی ‘ ادارے کا منافع 35 ارب روپے ہو گیا : پارلیمانی سیکرٹری

اسلام آباد (ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ+ وقائع نگار خصوصی + خبرنگار خصوصی) قومی اسمبلی میں وزارت صنعت و پیداوار کے پارلیمانی سیکرٹری راﺅ اجمل نے انکشاف کیا حکومت نے یوٹیلٹی سٹورز پر ملنے والی اشیاءپر سبسڈی ختم کر دی ہے ہم نے حکومت کو یہ سفارشات بھیجی ہیں کہ یوٹیلٹی سٹورز پر آٹے چینی تیل اور گھی پر سبسڈی فراہم کی جائے۔ عمران ظفر لغاری، سید غلام مصطفی، شاہدہ رحمانی اور عبدالستار بچانی کی جانب سے یوٹیلٹی سٹورز پر اشیائے ضروریہ پر سبسڈی نہ دینے سے متعلق توجہ دلاﺅ نوٹس کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2007ءمیں ملک کے دیہی علاقوں سمیت ملک بھر میں 5ہزار سے زائد یوٹیلٹی سٹور بنے اور یہ جنوبی ایشیا کی سب سے بڑی آرگنائزیشن ہے جس میں 14ہزار سے زائد ملازمین کام کر رہے ہیں اس وقت یوٹیلٹی سٹورز پر کسی بھی قسم کی سبسڈی نہیں دی جا رہی لہٰذا اس معاملے کو قائمہ کمیٹی کے سپرد کیا جائے۔ 2014ءسے ........پر سبسڈی ختم کر دی گئی ہے۔یوٹیلٹی سٹور کا منافع 35 ارب روپے تک پہنچ چکا ہے۔ شگفتہ جمانی نے کہاکہ یوٹیلٹی سٹورز پر غیر معیاری اشیاءصرف ملتی ہیں۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ وطن کی خاطر قربانیاں دینے والے آئی ڈی پیز کی باعزت طور پر اپنے گھروں میں بحالی ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے‘ تاہم بارڈر کراس کرکے افغانستان جانے والے آئی ڈی پیز کی تفصیلات ہمیں فراہم کی جائیں تو ان کی واپسی کے لئے بھی اقدامات کریں گے۔ ایچ ایم سی کے ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنانے کے لئے ای سی سی اپنا کردار ادا کرے گی۔ آئی ڈی پیز کے لئے بیس ارب کی گندم فراہم کی۔ 16 سے 17 ارب نقد رقم خرچ کی گئی۔ قبل ازیں غلام سرور خان نے کہا کہ ایچ ایم سی کے محنت کشوں کو گزشتہ پانچ ماہ سے تنخواہ نہیں ملی۔ وزارت خارجہ نے قومی اسمبلی کو تحریری طور پر آگاہ کیا ہے کہ گزشتہ 3 برس کے دوران سعودی عرب میں 41 پاکستانیوں کو پھانسی دی گئی جن میں سے 38 پر منشیات کی سمگلنگ اور 3پر قتل کے الزام تھے۔ 34 ملکی اتحاد میں پاکستان کے کردار کے حوالے سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ ارکان اسمبلی نے کہا کہ زراعت پر توجہ نہیں دی جا رہی، برآمدات میں بڑے پیمانے پر کمی واقع ہوئی، جس پر وزیر تجارت خرم دستگیر نے کہا کہ 2014-15 میں جب کپاس کی پیداوار میں اضافہ ہوا تو مجھے کسی نے ہار نہیں ڈالے، رواں سال کے اعداد و شمار ابھی تک نہیں آئے، ارکان کے مشورے سے آگے بڑھیں گے۔ حکومت کو برآمدات میں چیلنج کا سامنا ہے، تمام برآمدی سیکٹرز کو آگے بڑھانے کی ضرورت ہے، بیرونی مشنز کی کارکردگی کی نگرانی کی جاتی ہے، میر ظفر اللہ خان جمالی نے کہا کہ 70سال میں ارکان اسمبلی کی تربیت نہیں ہوئی تو کسانوں کی تربیت کیسے ہو گی، زرعی اجناس میں پاکستان کو مشکلات کا سامنا ہے، کسان کو جب تک سہولیات نہیں دیں گے زراعت ترقی نہیں کرے گی۔ وزیر تجارت نے کہا کہ فرٹیلائزر کو 24 ارب کی سبسڈی دی جاتی ہے۔ وزیر غذائی تحفظ سکندر حیات بوسن نے کہا کہ اجناس اور فصلوں کی پیداوار بڑھانے کےلئے قائمہ کمیٹی بھی کام کر رہی ہے، وزارتوں کی تحلیل کے بعد مسائل بڑھے ہیں، خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ بھارت سے 38 آئٹم امپورٹ کئے جاتے ہیں یکم جولائی 2015 سے آج تک جپسم کی تقریباً 2700 میٹرک ٹن مقدار واہگہ بارڈر کے راستے روزانہ کی بنیاد پر بھارت کو برآمد کی جا رہی ہے۔ 2015 سے جنوری 2016 تک بیرون ملک پاکستانی سفارتخانوں پر 6 ارب 3 کروڑ 41 لاکھ 57 ہزار 848 روپے کے اخراجات آئے۔ پاکستان دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے 34 ممالک کے اتحاد میں شامل ہوا ہے۔ 2014-15 میں 2.961 ملین ہیکٹر رقبہ سے 13.983 ملین گانٹھیں کپاس کی پیداوار ہوئی ہے، بیلم حسنین کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بہت سارے ممالک میں ہمارے سفارتخانوں میں دو دو لوگ ہیں۔ وزارت خزانہ میں کرپشن کو بالکل برداشت نہیں کیا جاتا اگر کوئی کرپشن کرتا ہے تو بتایا جائے ہم کارروائی کریں گے۔ جہاں جہاں پاکستانیوں کو بیرون ملک گرفتار کیا جاتا ہے ہمیں فوری ان بارے بتایا جائے ہم فوری کارروائی کریں گے۔ ہم کسی ملک کا ویزا حاصل کرتے ہیں اس ملک کو حلفیہ بیان دیتے ہیں کہ ہم قانون کی پاسداری کریں گے اگر کوئی جرم کرتا ہے تو اس کے خلاف کارروائی کی جاتی ہے اس وقت افریقی ممالک کی مختلف جیلوں میں 69 پاکستانی شہری مختلف الزامات میں قید ہیں۔ مراد سعید نے کہا پارلیمنٹ کے ارکان کے پانچ سال پہلے اثاثے کتنے تھے اب کتنے ہیں تفصیلات نکالی جائیں تو احتساب ہو جائے گا۔ طلال چوہدری نے کہا ہماری جدوجہد کی بدولت تحریک انصاف آج ان اسمبلیوں میں بیٹھی ہے‘ ہم احتساب کے لئے حاضر ہیں‘ خیبر پی کے میں احتساب اصلاحات لانے والے اس ایوان میں بھی یہ اصلاحات لائیں ہم ان کو سپورٹ کریں گے‘ اپنے صوبے میں جو چیز درست ہے وہ یہاں کیوں غلط ہے۔ نفیسہ عنایت اللہ خٹک نے کہا بلوچستان میں پانی کے ذخائر بنانے کیلئے فوری توجہ دی جائے۔ فاٹا سے رکن قومی اسمبلی حاجی شاہ جی گل آفریدی نے کہا کہ قبائلی علاقوں کو گیس فراہمی اور طورخم لنڈی کوتل واٹر سکیم کے لئے آئندہ بجٹ میں فنڈز رکھے جائیں۔ شازیہ مری نے کہا احتساب کے حوالے سے تمام سیاسی جماعتوں کو باہم مل کر عزم کا اظہار کرکے آگے بڑھنا چاہیے۔ احتساب چاروں صوبوں میں بلا امتیاز ہونا چاہیے۔ اقلیتی رکن خلیل جارج نے کہا حکومت ہر سال 10 مسیحیوں کو اپنے خرچے پر ویٹی کن سٹی بھجوانے کا سلسلہ دوبارہ شروع کرے۔ پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی شازیہ مری نے کہا ہے کہ احتساب کے حوالے سے تمام سیاسی جماعتسوں کو باہم مل کر عزم کا اظہار کرکے آگے بڑھنا چاہئے۔ احتساب چاروں صوبوں میں بلاامتیاز ہونا چاہئے۔ پرویز مشرف ملک سے جا چکے ہیں ان پر ملک میں مقدمات تھے۔ ایوان میں اس حوالے سے وضاحت ہونی چاہئے۔علاوہ ازیں قومی اسمبلی نے پی آئی اے کو کارپوریشن سے کمپنی میں تبدیل کرنے کے بل کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں پیش کرنے کی تحریک منظور کرلی۔ یہ تحریک وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے پیش کی۔

قومی اسمبلی

ای پیپر دی نیشن