مردم شماری انتہائی اہمیت کی حامل، عوام بھر پور تعاون کر رہے ہیں: گورنر پنجاب

لاہور(خصوصی رپورٹر)گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ خانہ شماری اور مردم شماری کسی بھی ملک کے لئے انتہائی اہمیت کی حامل ہوتی ہے ، اور آبادی کے لحاظ سے وسائل کی منصفانہ تقسیم، این ایف سی ایوارڈ سمیت مستقبل کی منصوبہ بندی میں مدد دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 1998ء میں مردم شماری پاکستان مسلم لیگ (ن) کے دورِ حکومت میں ہوئی اب بھی یہ اعزاز ہماری حکومت کو ہی حاصل ہو رہا ہے۔ یہ بات انہوں نے چیف کمشنر مردم شماری آصف باجوہ، کمشنر شماریات عارف انور بلوچ سمیت مرد م شماری کی ٹیم سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے گورنر پنجاب سے ملاقات کی اور مردم شماری کا فارم بھی پُر کروایا۔ گورنر پنجاب نے اس بات کو خوش آئند قرار دیا کہ عوام میں مردم شماری کی اہمیت کا احساس اور شعور اجاگر ہوا ہے اور لوگ اس عظیم کام میں پورے جذبے کے ساتھ تعاون کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مردم شماری ایسا کام ہے جو ہر دس سال بعد ہونا چاہئے ۔گورنر نے افواج پاکستان، قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ملک میں دہشت گردی ہو، سیلاب یا کوئی ناگہانی آفت ہمارے فوجی جوانوں ، ملازمین ، پولیس ، قانون نافذ کرنیوالے ادارے قوم کی خدمت میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں جس پر پوری قوم کوفخر ہے۔قبل ازیں، گورنر پنجاب ملک محمد رفیق نے صدر ممنون حسین سے ملاقات کی۔ملک کی مجموعی صورتحال سمیت دیگر اہم امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اس سے قبل گورنر نے صدر کا لاہور ایرپورٹ پر استقبال کیا۔

ای پیپر دی نیشن