راولپنڈی/ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ + نیوز ایجنسیاں) ایل اوسی پر کوٹ کٹیرا میں بھارتی فوج نے بلااشتعال گولہ باری اور فائرنگ کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا۔ بھارتی فائرنگ سے 60 سالہ خاتون شہید ہوگئی۔ شہید خاتون کا تعلق ’’ٹھنڈی کسی‘‘ سے تھا۔ پاکستان نے بھارتی فوج کی گولہ باری کا بھرپور جواب دیا۔ جس سے دشمن کی گنیں خاموش ہو گئیں۔ علاوہ ازیں وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بھارت ہوش کے ناخن لے اور پاکستان کی خاموشی کو کمزوری نہ سمجھے، بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہے، نریندر مودی ا نتہاپسند ہے، پاکستان کے سامنے انتہاپسندی نہیں چلے گی، ہفتے کے روز بھارتی فوج کی طرف سے لائن آف کنٹرول کے کوٹ کٹیرہ سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کے ردعمل میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان میں ترقی کے عمل نے بھارت کے اوسان خطا کردیئے ہیں، پاکستان کے اقتصادی ایجنڈے سے توجہ ہٹانے کے بھارت ایسی بزدلانہ حرکتیں کر رہا ہے۔