آئندہ پی ایس ایل ہماری حکومت کرائے گی، کوالٹی کرکٹر بلائیں گے، ریلو کٹے نہیں: عمران خان۔ پھٹیچر نجم سیٹھی سے اچھی سپر لیگ کرائیں گے۔
تحریک انصاف کے قائد عمران خان گزشتہ دو دہائیوں سے میدان سیاست میں موجود ہیں مگر ان کے بیانات دیکھ کر لگتا ہے کہ ان میں ابھی تک وہ سیاسی پختگی نہیں آئی جو ایک کامیاب سیاستدان کا خاصہ ہوتی ہے۔ پاکستان سپر لیگ کے حوالے سے ان کی بیان بازی نہایت افسوسناک ہے۔ ملکی سیاسی بیان بازی سے ہٹ کر اس لئے بھی یہ مناسب نہیں کہ عالمی سطح پر اس کی وجہ سے پاکستان کی سبکی ہو رہی ہے۔ عمران خان خود کھلاڑی ہیں۔ وہ تو زیادہ بہتر جانتے ہیں کہ کھلاڑی تعریف اور تنقید کا براہ راست اثر لیتے ہیں۔ اب ایک تو ہم موجودہ حالات میں غیر ملکی کھلاڑیوں کو پاکستان مدعو کریں اور وہ دل بڑا کر کے آ جائیں اور ہمارے سیاستدان بجائے اس کے کہ ان کی حوصلہ افزائی کریں اگر وہ ان کو ناشائستہ القاب اور الفاظ سے نوازیں گے تو اسکا عالمی سطح پر کیا پیغام جائے گا۔ یہ زبان اور بیان قومی سطح کے لیڈر کو زیبا نہیں۔ انہیں چاہئے کہ وہ اپنے سیاسی مقام کو مد نظر رکھتے ہوئے عامیانہ زبان اور بیان بازی سے پرہیز کریں۔ یہ ان کے سیاسی کیریئر کے لئے بھی بہتر ہو گا۔