رابطہ کمیٹی تحلیل کرنے سے ایم کیو ایم ختم ہوجائیگی، عامر خان، ٹیسوری نے متحدہ چھوڑنے کا فیصلہ واپس

کراچی (راشد نور/خصوصی رپورٹر/نوائے وقت رپورٹ) فاروق ستار نے کہا ہے کہ ایم کیوایم سے وڈیرا شاہی ختم کریں گے، کراچی میں ایم کیو ایم کے 34 ویں یوم تاسیس کے موقع پر استقبالیہ کیمپ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ یوم تاسیس منا رہے ہیں اور جمہوریت کے فروغ کے لیے کام کرتے رہیں گے۔ متحدہ کے یوم تاسیس پر اتوار کو پی آئی بی اور بہادرآباد گروپ الگ الگ جلسے کررہے ہیں۔ واضح رہے کہ سینٹ الیکشن میں رہنما کامران ٹیسوری کو ٹکٹ دینے کے مسئلے پر ایم کیو ایم دو حصوں بہادرآباد اور پی آئی بی میں تقسیم ہوچکی ہے، جس کے نتیجے میں اسے سینٹ الیکشن میں شکست کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ ایم کیو ایم کے رہنما عامر خان نے رابطہ کمیٹی تحلیل کرنے کی تجویز مسترد کردی۔ جلسہ سے خطاب کرتے انہوں نے کہا کہ فاروق ستار کی تجویز سے متحدہ ختم ہوجائے گی۔ ایم کیو ایم زندہ ہے، ہمیں کوئی نہیں مار سکے گا۔ مسلم لیگ ن نے متحدہ سے کئے وعدے پورے نہیں کئے۔ الیکشن میں پی پی کا مقابلہ کریں گے۔ علاوہ ازیں کامران ٹیسوری نے ایم کیو ایم چھوڑنے کا اعلان کردیا۔ لیاقت آباد میں جلسہ سے خطاب کرتے انہوں نے کہا کہ آج آخری بار خطاب کررہا ہوں۔ دل نہیں چاہتا فاروق ستار کا ساتھ چھوڑوں۔ بہت دنوں سے مہاجروں کی تقسیم کی باتیں ہورہی ہیں۔ اگر مہاجروں کی تقسیم بچتی ہے تو اپنا استعفیٰ پیش کرتا ہوں۔ کامران ٹیسوری نے خطاب کے دوران روتے ہوئے کہا کہ مجھے نہیں پتہ بہادر آباد والوں کو میری کیا بات بری لگی۔ کامران اور دیگر رہنمائوں سے گھر جاکر معافی مانگنے کو تیار ہوں۔ فاروق ستار کے ساتھ کھڑے رہوں گا۔کارکنوں کے اصرار پر فیصلہ واپس لے لیا۔ میئر کراچی وسیم اختر نے یوم تاسیس جلسہ سے خطاب کرتے کہا ہے کہ سینٹ الیکشن میں جو ہوا اس کا اور سیٹوں کی بندربانٹ کا افسوس ہے۔ 2018ء کے الیکشن میں غلطیوں کو نہیں دہرائیں گے۔ کسی کو من پسند فیصلے کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ فاروق ستار آجائیں لیکن پارٹی آئین پر چلنا ہوگا، کسی کو ویٹو پاور دینا ممکن نہیں۔ سید سردار احمد نے ایم کیو ایم پی آئی بی گروپ جوائن کرلیا۔ انہوں نے کہا کہ فاروق ستار کے ساتھ کھڑا ہوں۔ بہادر آباد گروپ کا حصہ نہیں ہوں۔خالد مقبول صدیقی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پوری قوم کو ایم کیو ایم کو 34 واں یوم تاسیس مبارک ہو، نشتر پارک جمہوریت کی بحالی کا محور رہا ہے۔ ہم ایم کیو ایم کو بدلنے نہیں دیں گے۔ ایم کیو ایم وہ تنظیم تھی جس میں کارکن اپنا ذمہ دار خود ڈھونڈتے تھے۔ ہمیں اس ایم کیو ایم کو واپس لانا ہے۔ افسوس کی بات ہے ایم کیو ایم کے 2 یوم تاسیس منائے جا رہے ہیں۔ فاروق ستار بھائی آئیں اور تنظیم چلائیں۔ خالد مقبول صدیقی نے بھی نئی رابطہ کمیٹی بنانے کی تجویز مسترد کر دی۔ کامران ٹیسوری تو ایم کیو ایم کے رکن ہی نہیں ہے۔ فاروق ستار نے عامر بھائی پر الزامات لگا کر متنازعہ بنا دیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن