اسلام آباد/ بیجنگ (وقائع نگار خصوصی + اے ایف پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ چینی صدر شی جن پنگ کو پانچ سال کے لئے دوبارہ صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ شی جن پنگ کا انتخاب چینی عوام کا انکی قائدانہ صلاحیتوں پر اعتماد کا عکاس ہے، چین نے گزشتہ پانچ سالوں میں غیرمعمولی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل کے مطابق پاکستانی صد ر ممنون حسین نے کہا کہ گزشتہ پانچ سالوں میں نہ صرف چین کا عالمی سطح پر رتبہ بڑھا ہے بلکہ لوگوں کی زندگیوں میں بڑی تبدیلی آئی ہے۔ چین اور پاکستان چاروں موسموں کے بہترین سٹریٹیجک ساتھی ہیں اور دونوں ملک دو طرف تعلقات کی مضبوطی اور لوگوں کے فائدے کے لئے اپنی ذمہ داریوں کو جاری رکھیں گے۔ چینی صدر شی جن پنگ نے دوسری مدت کیلئے صدر منتخب ہونے کے بعد اپنے پہلے صدارتی فرمان پر دستخط کرتے ہوئے لی کی چیانگ کی بطور وزیر اعظم نامزدگی کی توثیق، شو چھی لیانگ اور چانگ یوشیا کو مرکزی فوجی کمشن کا نائب چیئرمین اور وے فونگ حے سمیت چار افراد کو مرکزی فوجی کمشن کے اراکین نامزد کر دیا، چو چھیان چینی سپریم کورٹ کے صدر اور چانگ چوین سپریم پروکیوریٹ کا پرکیوریٹر جنرل منتخب۔ اتوار کو چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل کے مطابق چین کی تیرہویں قومی عوامی کانگریس کے پہلے اجلاس کی مجلس چیئرمین کا ساتواں اجلاس بیجنگ میں چین کے عظیم عوامی ہال میں منعقد ہوا۔ اجلاس کے دوران رائے شماری کے ذریعے لی کی چیانگ کی بطور وزیر اعظم نامزدگی کی توثیق کر دی گئی۔ رائے شماری کے بعد لی کھہ چھیانگ اور یانگ شاو تو سمیت دیگر نو منتخب اعلی عہدہ داروں نے آئین سے وفادری کا حلف اٹھایا۔