اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) ملک میں نئی حلقہ بندیوں اعتراضات کے جائزے اور اراکین کے تحفظات دور کرنے کیلئے قومی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی کے ورکنگ گروپ کااجلاس کنوینئردانیال عزیز کی صدارت میں آج (پیر ) کو پارلیمنٹ ہاوس میں ہوگا۔ اجلاس میں الیکشن کمیشن کیجانب سے کی گئی نئی حلقہ بندیوں پر اعتراضات اور تحفظات کا جائزہ لیا جائیگا۔ یہ کمیٹی سپیکر قومی اسمبلی سردار ایازصادق نے تشکیل دی ہے جس میںحکومتی اور اپوزیشن اراکین شامل ہیں۔ ورکنگ گروپ کا یہ دوسر اجلاس ہوگا جو 3 بجے سہ پہر ہوگا۔ دوسری طرف الیکشن کمیشن کے زیر اہتمام آئندہ عام انتخابات کے عملہ کی تربیت کیلئے الیکشن کمیشن کے زیراہتمام 3 ہزار ماسٹر ٹرینرز کی تربیت کا آغازاگلے ماہ سے شروع ہوگا، الیکشن کمیشن کے مطابق آئندہ عام انتخابات 2018ء میں انتخابی عملہ کی تربیت کے سلسلے میں پہلے ماسٹر ٹرینرز کی تربیت کا عمل شروع کیا جائیگا۔ اس ضمن میں پہلے مرحلے میںچاروں صوبوں سے 88 لیڈیز ٹرینرز کو تربیت دی گئی ہے، دوسرے مرحلے میں چاروں صوبوں ، فاٹا کے 3000 ماسٹر ٹرینروں کو تربیت دی جائے گی اور اسکا آغاز آئندہ ماہ ہوگا، تیسرے اور آخری مرحلہ میں یہ ماسٹر ٹرینر اگلے مرحلہ میں انتخابی عملہ کے 9 لاکھ افراد کو تربیت دیں گے۔