لاہور (سپورٹس ڈیسک)آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے مسلمان کھلاڑی عثمان خواجہ کی منگیتر ریچل میکلین نے عیسائیت تر ک کر کے اسلام قبول کرلیا ۔ برسبین سے تعلق رکھنے والی بائیس سالہ ریچل میکلین اور اکتیس سالہ عثمان خواجہ اگلے مہینے شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے ۔ ایک آسٹریلوی شومیں ریچل کا کہناتھا کہ عثمان وہ پہلا مسلمان تھا جس سے میں نے ملاقات کی ۔ عثمان سے ملاقات سے قبل میں اسلام کے بارے میں صرف اتنا ہی جانتی تھی جتنا میڈیا میں بتایا جاتا ہے ۔ پاکستانی نژاد عثمان خواجہ جو آسٹریلیا کی نمائندگی کرنیوالے پہلے مسلمان بلے باز بنے کا کہنا ہے کہ ان کی زندگی میں مذہب کو اولین درجہ حاصل ہے ۔ اسی لئے انہیں بڑی حیرانی ہوئی جب وہ ایک کیتھولک سکول سے تعلق رکھنے والی لڑکی کی زلفوں کے اسیر ہو گئے ۔انہیں اپنے رشتے کو عوام کے سامنے لے جانے کیلئے نفرتوں کا سامناکرنا پڑا۔انہوں نے ریچل کو اسلام قبول کرنے پر مجبور نہیں کیا ۔ ریچل کا کہنا تھا کہ انہوں نے گزشتہ سال اسلام قبول کرنے کا فیصلہ کیا تھا ۔ ان پر عثمان یا ان کے اہل خانہ کی جانب سے کسی قسم کا کوئی دبائو نہیں تھا تاہم وہ جانتی تھیں کہ یہ عثمان کیلئے کتنا ضروری ہے ۔