لاہور(خصوصی رپورٹر)پنجاب سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ اورایئر فورس کے درمیان معاہدے پر دستخط ہوگئے جس کے تحت ڈیرہ غازیخان کے علاقے فورٹ منرو میں کیڈٹ کالج کا قیام عمل میں لایا جائیگا ۔ معاہدے پر دستخط کی تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف ، وفاقی وزیرتوانائی سردار اویس خان لغاری ، ائیر چیف مارشل اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔ حکومت پنجاب کی طرف سے سیکرٹری سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر اللہ بخش ملک اور ڈپٹی چیف آف ائیر سٹاف ائیر مارشل شاہد اختر علوی نے معاہدے پر دستخط کئے۔ حکومت پنجاب فورٹ منرو میں کیڈٹ کالج اور ویلفیئر سٹی کے قیام کیلئے 100ایکڑ اراضی فراہم کرے گی اور ایک ارب روپے کی گرانٹ بھی مہیا کریگی۔ وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف نے تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ فورٹ منرو میں کیڈٹ کالج کا قیام میرے لئے بے حد خوشی کا موقع ہے اور اس ضمن میں پنجاب حکومت اور ائیر فورس کے مابین طے پانے والا معاہدہ خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان ائیر فورس اور حکومت پنجاب کے درمیان سوسائٹی کی فلاح و بہبود کیلئے فورٹ منرو میںکیڈٹ کالج کے قیام کا منصوبہ سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے جس سے نہ صرف ڈیرہ غازیخان کے گرد ونواح کے لوگ ہی نہیں بلکہ پاکستان بھر کے عوام بھی مستفید ہوسکیں گے۔ پاکستان ائیر فورس کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں پر بھرپور اعتماد ہے، جو دشمن کو ناکوں چنے چبانے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔ پاکستان ائیر فورس اور حکومت پنجاب کے اشتراک سے سپیشل ایجوکیشن سنٹر کا منصوبہ رول ماڈل کی حیثیت رکھتا ہے۔ وزیراعلی نے کہا کہ پا کستان ائیرفور س کے سربراہ ائیرچیف مارشل سہیل امان کی دفاع کے حوالے سے خدمات اپنی جگہ اہمیت کی حامل ہیںتاہم تعلیم کے شعبے میں ان کی قابل قدر خدمات کو بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ائیر چیف مارشل سہیل امان پاکستان ائیر فورس کا فخر ہیں، وہ بہترین اننگز کھیل کر جارہے ہیں۔ سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل ا مان نے تقریب کے شرکاء کو بتایا کہ عوام کو تعلیم اوردیگر سہولتیں فراہم کرنا باعث مسرت ہے او رقابل فخر ا عزاز ہے۔ فورٹ منرو میں کیڈٹ کالج اور پبلک سکول ہی نہیں بلکہ ایک بہترین شہر نظر آئیگا۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان ا ئیر فورس قوم کا فخر ہے۔ ائیر فورس جدید آلات بنانے میں خود کفالت حاصل کر چکی ہے،اس کے طیارے اور دیگر حربی آلات اپنی مثال آپ ہیں۔ انہوں نے کہاکہ تعلیمی اداروں کے قیام پر حکومت پنجاب کے تعاون اور شراکت کیلئے مشکور ہیں ہمیں ملک و قوم کی تقدیر بدلنے کیلئے تعلیم اور ٹیکنالوجی پر انحصار کرنا ہوگا۔ معاشی آمدن انسان کو خوشحال بناتی ہے لیکن تعلیم اچھا انسان بنانے میں معاونت کرتی ہے۔ ائیر چیف مارشل سہیل امان نے کہاکہ وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف نے عوامی خدمت کے مشن میں قابل قدر تعاون کیاہے-مجھے یقین ہے کہ فضائیہ قوم کے اعتماد پر پورا اترے گی۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ سے گزشتہ روز سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے ملاقات کی ،اس موقع پر شہبازشریف نے کہاکہ ترقی کے سفر میں روڑے اٹکانے والوں کے لئے الیکشن بھیانک خواب ثابت ہوگا۔ پنجاب سمیت پاکستان بھر میں مسلم لیگ(ن) حکومت بنائیگی۔ انہوں نے کہاکہ عوام جانتے ہیں کہ کس نے دن رات ان کی خدمت میں صرف کئے اور کون جھوٹ بولتا رہا۔ ہم نے سڑکیں اور میٹروہی نہیں بلکہ صوبہ بھر میں سکول ، کالج ، ہسپتال بھی بنانے کے ریکارڈ قائم کئے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ زرداری او رنیازی کے اکٹھے ہونے کا مقصدعوام کی خدمت نہیں، اقتدار کی کرسی ہے۔ عوام کے حالات میں مثبت اور خوشگوار تبدیلی ہم لا رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ پنجاب میں میگا پراجیکٹ سے ترقیاتی انقلاب پاکستان مسلم لیگ(ن) کا اعزاز ہے۔ تمام ادارے پاکستان کی ترقی اورخوشحالی کیلئے مل جل کر کام کریں۔ انہوںنے کہاکہ نیازی ، زرداری گٹھ جوڑ درحقیقت اپنی ناکامیوں کو چھپانے کا بہانہ ہے اور آئندہ عام انتخابات میں پاکستان کے 22کروڑ عوام ترقی مخالفین کا محاسبہ کریں گے۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے شی جن پنگ کو دوسری مدت کیلئے چین کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا شی جن پنگ کا دوسری مدت کیلئے صدر منتخب ہونا انکی عظیم قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار ہے۔