متحدہ قومی موومنٹ کے سابق رہنما عامر لیاقت حسین نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کردیا۔کراچی میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے ایم کیو ایم کے سابق رہنما عامر لیاقت حسین کے ہمراہ پریس کانفرنس میں اس بات کا اعلان کیا کہ عامر لیاقت پارٹی میں شامل ہورہے ہیں۔اس کے بعد عامر لیاقت حسین نے پریس کانفرنس میں پی ٹی آئی میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔اس کے علاوہ معروف اداکار عابد علی نے بھی پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔عمران خان نے اس موقع پر کہا کہ وہ عامر لیاقت حسین کو تحریک انصاف میں خوش آمدید کہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ الیکشن میں 6 مہینے رہ گئے ہیں، کراچی روشنیوں کا شہر تھا اوراب کہاں پہنچ گیا ہے۔عمران خان نے کہا کہ چونکہ پی ٹی آئی کا مقابلہ اسٹیٹس کو کی فورسز سے ہے لہذا انہیں ایسا شخص پارٹی میں چاہیے تھا جو میڈیا میں تحریک انصاف کا موقف بھرپور انداز میں پیش کرے۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ سندھ میں سیاسی اتحاد کام کرکے نہیں دکھا سکا، کراچی کے لوگ تحریک انصاف کو تبدیلی لانے کا موقع دیں، کام کرکے دکھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ سڑکیں تو عوام خود بنادیتی ہے، پیسہ عوام پر خرچ کرنا چاہیے۔عمران خان نے کہا کہ کراچی کے لوگوں سے اپیل ہے کہ میرے لیے نہیں، اپنے بچوں کے مستقبل کیلئے آگے آئیں، جس کمبی نیشن نے کراچی کو تباہ کیا وقت آگیا ہے کہ اس کو تبدیل کیا جائے۔ عمران خان نے کہا کہ الیکشن میں 6ماہ رہ گئے ہیں اسٹیٹس کو او رتبدیلی لانے والی جماعت کے درمیان جنگ ہے اس جنگ کیلئے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو شامل کرنا چاہتے ہیں ۔ یہ پاکستان کیلئے فیصلہ کن جنگ ہے پاکستان میں 30سال سے ایک ہی طرز کی سیاست چل رہی ہے کراچی کبھی روشنیاں کا شہر تھا اور اب کہاں پہنچ گیا ہے ۔ مجھے فخر ہے کہ ہمیں پہلی دفعہ خیبرپختونخوا میں حکومت ملی پنجاب کا سالانہ ترقیاتی بجٹ ساڑھے 600ارب روپیہ ہے اتنے بڑے ترقیاتی بجٹ کے باوجود جنوبی پنجاب میں ایک بھی ہسپتال نہیں بنا اتنے بڑے بجٹ کا آدھے سے زیادہ حصہ صرف لاہور میں خرچ ہوتا ہے ۔ اگر شہبازشریف پورے پنجاب کا بجٹ ایک شہر پر لگادیں گے تو وہ بہتر ہی لگے گا ۔ اگر تعلیم پر پیسہ خرچ کریں عوام خود سڑکیں بنا لیتی ہے ۔ مجھے فخر ہے کہ ہم نے خیبرپختونخوا کی عوام کے ساتھ جو وعدے کئے تھے وہ پورے کئے ہیں اب ہم چاہتے ہیں کہ کراچی کے لوگ اس پارٹی کو موقع دیں جو آپ نے ابھی تک نہیں آزمائی تاکہ ہم کراچی میں تبدیلی لائیں ۔ سندھ میں سیاسی اتحاد ڈیلور نہیں کرسکا ۔ عامر لیاقت کراچی میں منسٹر رہ چکے ہیں ان کی میڈیا میں خاص طورپر آواز کی ضرورت ہے کیونکہ ہمارا مقابلہ اسٹیٹس کی فورسز سے ہے ہم چاہتے ہیں عامر لیاقت ہمارے ساتھ مل کر آئندہ آنے والی جنگ میں حصہ لیں ۔ ہم چاہتے ہیں ہمارے پاس وہ لوگ ہوں جو ٹی وی پر جاکر ہمارا نظریہ بتادیں اس لیے میں عامر لیاقت کو خوش آمدید کہتا ہوں ۔پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے ہمراہ عامر لیاقت نے مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران تحریک انصاف میں شمولیت کا باقاعدہ اعلان کرتے ہوئے کہا کہ دل کی گہرائیوں سے عمران خان سمیت تحریک انصاف کا شکریہ ادا کرتا ہوں،میں نے خان صاحب نہیں پاکستان کو جوائن کیا ہے کیونکہ عمران خان پاکستان کیلئے کرپشن کیخلاف کام کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ میرا آخری مقام تحریک انصاف ہے اورہمیشہ تحریک انصاف کے ساتھ ہی وابستہ رہوں گا ، یہ وہ گھر ہے جہاں دلہن کوماں باپ نے کہہ کر بھیجا ہے کہ اگرنکلنا تو جنازے کے ساتھ نکلنا۔عامر لیاقت نے مزید کہا کہ تحریک انصاف میں آنے کا فیصلہ دیر سے کیا اور دیر سے کئے جانے والے فیصلے ہمیشہ اچھے ہوتے ہیں کیونکہ بزرگ بھی کہتے ہیں کہ دیر کے فیصلوں میں بھلائی ہوتی ہے۔انشا انتخابات میں تحریک انصاف کراچی میں کلین سویپ کرے گی کیونکہ میں کراچی میں تیزی کے ساتھ تبدیلی دیکھ رہا ہوں۔ِاسی پریس کانفرنس میں معروف ٹی وی آرٹسٹ عابد علی نے بھی پی ٹی آئی جوائن کرنے کا اعلان کیا ،اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ پرانے لوگوں کو بہت وقت سے سیاست میں دیکھ رہا ہوں اور وہ لوگ ناکام رہے ،چاہتا ہوں کہ اب نئے لوگوں کو ایک موقع ضرور ملنا چاہیے،انشااللہ پاکستان کا مستقبل بہت روشن ہے۔
کراچی: عامر لیاقت نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرلی، الیکشن میں 6ماہ رہ گئے , اسٹیٹس کو او رتبدیلی لانے والی جماعت کے درمیان جنگ ہے: عمران
Mar 19, 2018 | 19:52