لاہور (آئی این پی) لاہور ہائی کورٹ نے سانحہ ساہیوال پر جوڈیشل کمیشن بنانے کی درخواست مسترد کر تے ہوئے کہا ہے کہ جو ڈیشل کمیشن بنانا وفاقی حکومت کا کام ہے، یہ ہائی کورٹ کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا۔ پیر کو لاہور ہائیکورٹ میں سانحہ ساہیوال کی جوڈیشل انکوائری سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ واقعے کی تحقیقات کرنے والے فاضل جج شکیل احمد گورائیہ نے جوڈیشل انکوائری کی رپورٹ مکمل کرلی جسے لاہور ہائیکورٹ میں پیش کیا گیا۔دوران سماعت سانحہ ساہیوال کے متاثرین نے واقعے پر جوڈیشل کمیشن بنانے کی درخواست کی لیکن چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے استدعا مسترد کرتے ہوئے متاثرین کے وکیل سے کہا کہ جوڈیشل کمیشن بنانا وفاقی حکومت کا کام ہے، یہ ہائی کورٹ کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا۔وکیل نے اس موقع پر سانحہ ماڈل ٹان کی تحقیقات کے لیے بننے والے جوڈیشل کمیشن کا بھی حوالہ دیا۔ تاہم چیف جسٹس نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن ہم نے نہیں بنانا آپ دلائل دینا چاہیں تو دے سکتے ہیں۔
سانحہ ساہیوال: جوڈیشل کمشن بنانے کی درخواست مسترد‘ یہ وفاقی حکومت کا کام ہے: ہائیکورٹ
Mar 19, 2019