ایمسٹرڈیم، لندن، ٹوکیو (نوائے وقت رپورٹ، ایجنسیاں) ہالینڈ کے شہر اتریخت میں ٹرام پر فائرنگ سے 3 مسافر ہلاک، متعدد زخمی ہوگئے۔ میئر اتریخت کے مطابق فائرنگ کے واقعہ میں تین افراد ہلاک ہوئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ٹرام سٹیشن پر فائرنگ میں 37 سالہ ترک شہری ملوث ہے۔ ملزم کی گوکمان ثانس کے نام سے شناخت کرلی گئی۔ ملزم فائرنگ کے بعد فرار ہو گیا ہے بعد ازاں گرفتار کر لیا گیا۔ اتریخت میں فائرنگ کے بعد جرمنی کی سرحد پر سکیورٹی سخت کردی گئی اور ہالینڈ آنے والی تمام ٹرینوں کی تلاشی لی جارہی ہے۔ برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے بعد ایک ٹرام سٹیشن کو خالی کرایا گیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق فائرنگ کا یہ واقعہ صبح مقامی وقت کے مطابق 10:45 پر پیش آیا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ملزم ٹرام پر فائرنگ کرنے کے بعد آسانی سے فرار ہو گیا۔ اتربخت پولیس چیف کے مطابق مشتبہ ترک شہری کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ڈچ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں دہشت گردی کے امکانات کی تفتیش کررہے ہیں۔ واقعہ دہشت گردی ہو سکتی ہے۔ سربراہ انسداد دہشت گردی ایجنسی نے کہا ہے کہ اتریخت میں کئی مقامات پر فائرنگ کی اطلاع ملی ہے۔ دہشت گردی کا امکان مسترد نہیں کیا جاسکتا۔ فائرنگ کے بعد اتریخت میں مساجد کی نگرانی بڑھا دی گئی ہے۔ ہالینڈ میں پاکستانی سفیر نے کہا ہے کہ اتریخت فائرنگ واقعہ میں کسی پاکستان کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔ علاوہ ازیں برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں انتہا پسندوں نے 2 افراد پر چاقو سے حملہ کر کے زخمی کر دیا جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے 3 مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا۔ برطانوی میڈیا کے مطابق لندن کے علاقے ویسٹ اینڈ میں 50 سالہ شخص نے ایک نوجوان کے سینے پر چاقو کے وار کئے۔ دوسرے نوجوان پر ہیتھرو ائرپورٹ کے قریب حملہ کیا گیا۔ لندن پولیس نے تین مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ ساؤتھ ایسٹ کاؤنٹر ٹیررازم پولیس کے مطابق سٹین ویل میں چاقو اور بیس بال بیٹ سے مسلح 50 سالہ شخص نے ایک 19 سالہ نوجوان پر نسل پرستانہ جملے کسے اور حملہ کیا۔ یہ انتہائی دائیں بازو سے متاثر شخص کی جانب سے دہشت گردی کا واقعہ ہے۔ ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ ادھر مانچسٹر میں بھی پاکستانی نژاد ٹیکسی ڈرائیور پر نسل پرستانہ جملے کسنے پر اور حملہ کرنے پر 2 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ جاپان کے صوبہ نوچیکی کے علاقے سانو میں انڈونیشین نوجوان پر چاقو سے حملہ کر دیا گیا۔ زخمی انڈونیشن کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ حملہ آور فرار ہو گیا۔ پولیس نے عوام سے دخواست کی ہے کہ ملزم کی گرفتاری کیلئے تعاون کریں۔